سینٹ جارجیا اسکول کی پہل کو ضلع انتظامیہ نے سراہا
حاجی پور (راست) : سینٹ جارجیا گرلس اسکول میں گزشتہ روز 18 اپریل 2026 کو ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) کے خلاف ایک کامیاب ویکسینیشن مہم کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طالبات کو سروائیکل کینسر اور دیگر متعلقہ بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی ضلع ویشالی کی مجسٹریٹ مسز ورشا سنگھ تھیں، جنہوں نے اسکول کی جانب سے کیے گئے اس اہم اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مہمات معاشرے میں صحت کے شعور کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کی بہترین منصوبہ بندی اور نظم و نسق کی تعریف بھی کی پروگرام کا آغاز طالبات کے استقبالیہ گیت سے ہوا، جس نے تقریب کو خوشگوار اور پرجوش بنا دیا۔ اسکول کی پرنسپل مونیکا دتہ نے مہمانِ خصوصی کو پودا پیش کر کے ان کا استقبال کیا، جو ماحولیاتی تحفظ کے پیغام کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر طالبات نے اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ کارڈز اور تحائف بھی پیش کیے، جس سے ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور مہمان نوازی کا اظہار ہواتقریب کے اختتام پر اسکول کے نائب صدر مسٹر اویناش سنگھ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسٹر سوربھ کمار نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیمتی رہنمائی کو سراہا۔یہ ویکسینیشن مہم نہ صرف طالبات کی صحت کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوئی بلکہ اس نے اسکول کے اس عزم کو بھی اجاگر کیا کہ وہ اپنی طالبات کی ہمہ جہت ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
