ہومBiharامبیڈکر جینتی پر تیجسوی یادو کا بی جے پی اور نتیش کمار...

امبیڈکر جینتی پر تیجسوی یادو کا بی جے پی اور نتیش کمار پر سخت حملہ

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

نتیش کمار نے فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار سونپ کر بابا صاحب کے نظریات کو ٹھیس پہنچائی

جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 14 اپریل 2026: بہار پردیش راشٹریہ جنتا دل کے ریاستی دفتر کے کرپوری آڈیٹوریم میں دستور ہند کے معمار بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا 135 واں یومِ پیدائش ایک پروقار تقریب کی صورت میں منایا گیا۔ اس موقع پر راشٹریہ جنتا دل کے قومی ایگزیکٹو صدر اور لیڈر آف اپوزیشن تیجسوی پرساد یادو سمیت پارٹی کے تمام رہنماؤں نے ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیے اور ان کی شخصیت و خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اپنے خطاب میں تیجسوی یادو نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ بابا صاحب نے بھارت کا وہ آئین تیار کیا جس میں پسماندہ، دلت، اور قبائلی طبقے کے حقوق کو یقینی بنایا گیا ہے اور انہوں نے ہمیں متحد ہونے، تعلیم حاصل کرنے اور جدوجہد کرنے کی ترغیب دی۔نتیش کمار کے استعفیٰ پر تبصرہ کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ نتیش جی کا استعفیٰ بی جے پی اور آر ایس ایس کو فروغ دینے کی ان کی سوچ کا نتیجہ ہے اور انہوں نے باپو کے قاتل کی پالیسیوں پر چلنے والوں کو اقتدار سونپ کر بابا صاحب کے نظریات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں ہم نے فرقہ پرست طاقتوں کو روکنے کی کوشش کی، وہی نتیش کمار نے انہیں میدان فراہم کر کے امبیڈکر کے نظریات کو کمزور کیا ہے اور اب دلتوں، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو متحد ہو کر سڑک سے ایوان تک لڑائی لڑنی ہوگی۔ تیجسوی نے خاندان پروری پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بڑی بڑی باتیں کرتے تھے آج وہی بغیر کسی جدوجہد کے لوگوں کو وزیر بنا رہے ہیں جبکہ بہار کا خزانہ خالی ہو چکا ہے اور حکومت تنخواہ تک دینے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔خواتین ریزرویشن کے معاملے پر انہوں نے واضح کیا کہ آر جے ڈی کا موقف ریزرویشن کے اندر ریزرویشن کا ہے تاکہ ہر طبقے کی خواتین کو ان کا حق مل سکے۔ تقریب کے دوران تیجسوی یادو نے دلت سماج کے ہونہار طلبہ کو شال اور نقد انعامات سے بھی نوازا۔ اس موقع پر عبدالباری صدیقی، ڈاکٹر رام چندر پوربے، ڈاکٹر کانتی سنگھ، اور اودھ بہاری چودھری سمیت ہزاروں کی تعداد میں کارکنان موجود تھے جبکہ گجرات سے تعلق رکھنے والے اشوک موچی اور قطب الدین انصاری کا بھی پارٹی کی جانب سے استقبال کیا گیا جس کے ذریعے ملک کے اتحاد و سالمیت کا پیغام دیا گیا۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.