259 قابلِ مصالحت مقدمات کا تصفیہ
کٹیہار( راست):قومی قانونی خدمات اتھارٹی اور بہار ریاستی قانونی خدمات اتھارٹی کی ہدایت پر ہفتہ کے روز سول کورٹ کٹیہار اور سب ڈویژنل کورٹ بارسوئی میں قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا انعقاد پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و چیئرمین ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کٹیہار جناب رنویر سنگھ کی نگرانی میں عمل میں آیا۔قومی لوک عدالت کے کامیاب انعقاد کے لیے مجموعی طور پر 16 بینچ تشکیل دیے گئے، جن میں کٹیہار صدر کے لیے 15 اور بارسوئی سب ڈویژنل کورٹ کے لیے ایک بینچ شامل تھا۔ پروگرام کا افتتاح پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جناب رنویر سنگھ، پرنسپل جج محترمہ انجلی شرما، ضلع مجسٹریٹ آشو توش دویدی اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جناب ویبھو شرما نے مشترکہ طور پر چراغ روشن کرکے کیا۔اس موقع پر ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کے سکریٹری نے عوام کو لوک عدالت میں مقدمات کے تصفیہ کے لیے قائم کردہ بینچوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ خاص طور پر ٹریفک چالان کے مقدمات کے فوری تصفیہ کے لیے پانچ الگ بینچ قائم کیے گئے تھے۔لوک عدالت کے دوران عدالت میں زیرِ التوا 259 قابلِ مصالحت مقدمات اور ریلوے عدالت سے متعلق 705 مقدمات کا باہمی رضامندی کی بنیاد پر تصفیہ کیا گیا۔ اسی طرح بینک قرض سے متعلق 1682 مقدمات میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 18 لاکھ 71 ہزار 560 روپے کی وصولی کی گئی۔ جبکہ بی ایس این ایل کے 33 مقدمات کے تصفیہ کے ساتھ 58 ہزار 515 روپے وصول کیے گئے۔اس کے علاوہ ٹریفک چالان کے 1324 مقدمات کا نپٹارا کرتے ہوئے مجموعی طور پر 26 لاکھ 20 ہزار 100 روپے کی وصولی کی گئی۔ اس موقع پر عدالتی افسران، انتظامی حکام اور عدالتی عملے کی فعال شرکت رہی۔
