اسپین اور بیلجیئم سمیت بڑی ٹیموں کے چاروں میچ ڈرا
اٹلانٹا/میامی، 16 جون (یو این آئی): فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کمزور مانی جانے والی ٹیموں کے شاندار مظاہرے کی بدولت آج کھیلے گئے چاروں مقابلے ڈرا پر ختم ہوئے۔ کیپ ورڈے نے یورپی چیمپیئن اسپین کے خلاف زبردست دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی گول کے میچ ڈرا کھیل کر سرخیاں بٹوریں۔ دوسرے میچوں میں بیلجیئم اور مصر کے درمیان اور سعودی عرب اور یوروگوئے کے درمیان مقابلے 1-1 سے ڈرا ہوئے، جبکہ دن کا آخری میچ سب سے دلچسپ رہا جہاں ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان لاس اینجلس میں 2-2 کا انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ کھیلا گیا۔
پہلا میچ: اسپین بمقابلہ کیپ ورڈے (0-0)
دن کا پہلے میچ میں کھلاڑیوں کے شاندار دفاعی مظاہرے کی بدولت افریقی ملک کیپ ورڈے نے موجودہ یورپی چیمپیئن اور 2026 ورلڈ کپ کی مضبوط دعویدار اسپین کو بغیر کسی گول کے ڈرا پر روک کر سب کو حیران کر دیا اور دونوں ٹیموں نے ایک ایک پوائنٹ حاصل کئے۔ مقابلے کی شروعات سے ہی مضبوط حکمتِ عملی اپناتے ہوئے افریقی ملک کیپ ورڈے نے لامین یامال کے بغیر کھیل رہی اسپین کی ٹیم کو اس حد تک بے اثر کر دیا کہ اسپین کے سینٹر فارورڈ میکیل اویارزابال کو ابتدائی آدھے گھنٹے تک گیند کو چھونے کا بھی موقع نہیں ملا۔ یہ ایک ریکارڈ ہے (سال 1966 کے ورلڈ کپ کے بعد سے جب سے یہ ریکارڈ رکھے جا رہے ہیں، تب سے کسی بھی کھلاڑی کے گیند کو چھوئے بغیر میدان میں رہنے کا یہ سب سے طویل وقت ہے)۔ دوسرے ہاف میں جب یامال میدان میں آئے تو اسپین کا کھیل تھوڑا زیادہ جارحانہ نظر آیا، لیکن 40 سالہ گول کیپر ووزینہا اور ان کی دفاعی لائن کو توڑنا ناممکن تھا۔ اسپین کے پاس 74 فیصد گیند کا قبضہ تھا اور اس نے ریکارڈ 27 شاٹس لگائے، لیکن وہ کیپ ورڈے کے قلعے کو توڑنے میں ناکام رہے۔
دوسرا میچ: سعودی عرب بمقابلہ یوروگوئے (1-1)
سعودی عرب اور یوروگوئے کے درمیان کھیلا گیا گروپ ایچ کا مقابلہ دونوں طرف سے جارحانہ کھیل کے باوجود 1-1 سے ڈرا پر ختم ہوا۔ اسی کے ساتھ گروپ ایچ میں تمام ٹیمیں ایک ایک پوائنٹ کے ساتھ برابری پر آ گئیں۔ میچ کے دوران عبدالالہ العمری نے اپنی ٹیم کے لیے پہلا گول کیا، جب فرنانڈو موسلیرا کے ذریعے چھوڑے گئے لمبی دوری کے شاٹ کے ریباؤنڈ پر سب سے پہلے پہنچ کر انہوں نے گیند کو گول میں ڈال دیا۔ پہلے ہاف میں یوروگوئے کی ٹیم 0-1 سے پیچھے تھی، لیکن دوسرے ہاف میں اس نے زبردست واپسی کی۔ ڈارون نونیز کو باہر کرنے کے بعد، مارسیلو بیلسا نے ہاف ٹائم میں ایک بڑا فیصلہ کیا اور ان کی ٹیم نے ویسا ہی پرفارمنس دکھایا جس کے لیے وہ مشہور ہے۔ انہوں نے میچ کے اختتام تک گول پر 27 شاٹس لگائے (جن میں سے 20 دوسرے ہاف میں آئے) لیکن سعودی عرب کے گول کیپر محمد الاویس کے شاندار بچاؤ کی بدولت وہ صرف ایک گول ہی کر سکے۔ یوروگوئے کا وہ واحد گول تب ہوا جب میکسی اراؤجو نے باکس کے اندر ایک ڈھیلی گیند پر قبضہ جمایا اور مشکل زاویے سے الاویس کو چکما دیتے ہوئے گول داغ دیا۔
تیسرا میچ: مصر بمقابلہ بیلجیئم (1-1)
گروپ جی میں مصر اور بیلجیئم کے درمیان کھیلا گیا سنسنی خیز مقابلہ 1-1 سے ڈرا پر ختم ہوا اور دونوں ٹیموں نے پوائنٹس بانٹے۔ سیئٹل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں مصر نے میچ کی شروعات میں ہی بہتر کھیل دکھایا اور محمد صلاح کے پاس پر امام عاشور نے باکس کے باہر سے زوردار شاٹ لگا کر تھیباؤٹ کرٹوئس کو پچھاڑتے ہوئے برتری حاصل کر لی۔ یہ ایک شاندار گول تھا۔ عاشور کی لگاتار جارحانہ دوڑ اور صلاح کی بہتر حکمت عملی، جنہوں نے سینٹر میں نمبر 10 کا کردار نبھاتے ہوئے بیلجیئم کے دفاع (ڈیفنس) کے خلاف لگاتار خالی جگہ کا فائدہ اٹھایا، بیلجیئم کی ٹیم کو پریشان کرتی رہی۔ بیلجیئم کو بھی مواقع ملے، جن میں کیون ڈی بروئن کا شاندار فری کک بھی شامل تھا جو گول پوسٹ سے ٹکرا گیا۔ لیکن ریکارڈ گول کرنے والے رومیلو لوکاکو کے میدان میں آنے سے میچ کا رخ بدل گیا۔ میدان میں آتے ہی محض 22 سیکنڈ کے اندر یہ اسٹرائیکر باکس میں گھس گیا اور ان کی موجودگی سے محمد ہانی کو اتنی الجھن ہوئی کہ تھامس میونیر کے لوئر کراس کو انہوں نے اپنے ہی گول میں ڈال دیا۔ ہانی کے لیے یہ ایک بدقسمت لمحہ (اون گول) تھا۔
چوتھا میچ: ایران بمقابلہ نیوزی لینڈ (2-2)
دن کے آخری میچ میں ایران نے اپنے فیفا ورلڈ کپ کے سفر کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف ایک سنسنی خیز اور چیلنجنگ مقابلے میں 2-2 کے ڈرا کے ساتھ کیا، اس دوران نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی شاندار کھیل پیش کیا۔ لاس اینجلس کے سوفی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں الیجا جسٹ نے دو بار نیوزی لینڈ کو برتری دلائی، لیکن ایران کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر بار بہترین واپسی کی۔ رامین رضاییان نے گول کیا اور محمد محبی کو اسسٹ فراہم کیا، جس سے ایران نے لاس اینجلس میں شائقین کی زبردست حمایت کے درمیان جارحانہ فٹبال دکھایا۔ میچ کے چاروں گول بہترین تال میل سے بنے مووز کی بدولت آئے اور اس دوران دونوں ٹیموں نے اٹیکنگ فٹبال کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ایران کیلئے رامین رضاییان نے 33ویں اور محبی نے 64ویں منٹ میں گول کیے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی طرف سے الیجا جسٹ نے ساتویں اور 54ویں منٹ میں گول داغے۔









Users Today : 52
Users Yesterday : 305
Users Last 7 days : 2147
Users Last 30 days : 3225
Users This Month : 3211
Users This Year : 3225
Total Users : 4564768