میزورم میں زورام پیپلز مومنٹ کے رہنما لالڈُو ہوما کی ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف برداری کیلئے سبھی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ حلف برداری کی تقریب ریاستی راجدھانی ایزول کے راج بھون میں جمعہ کے روز صبح گیارہ بجے ہوگی۔ بارش یا کسی موسمی رکاوٹ کی وجہ سے انعقاد میں رخنہ پڑنے کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر اسمبلی ہال انیکسی میں متبادل انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ ZMP رہنما اور سابق IPS افسر لالڈُو ہوما نے 40 سیٹوں والی میزورم اسمبلی میں 27 سیٹیں جیت کر اپنی پارٹی کو واضح اکثریت دلائی ہے۔ برسراقتدار میزو نیشنل فرنٹ MNF گھٹ کر 10 سیٹوں پر سمٹ گئی ہے جبکہ BJP کو 2 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ وہیں میزورم کو ریاست کا درجہ ملنے کے بعد سے 20 برسوں تک برسر اقتدار رہی کانگریس سمٹ کر محض ایک سیٹ پر آگئی ہے۔
ZPM کے عروج سے ریاست میں جاری 40 سالہ دو قطبی سیاست کا خاتمہ ہوا ہے۔ ZPM سے اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل کی امید ہے جن میں کسانوں کو بااختیار بنانا، اقتصادی اصلاحات اور بدعنوانی کے خلاف سخت موقف اپنانا شامل ہیں۔ نیا طریقہ حکمرانی Kalphung Thar: Mipui Sawrkar نئی حکومت کی پہچان ہوگا۔
گورنر ڈاکٹر ہری بابو کمبھا پتی، نامزد وزیر اعلیٰ لالڈو ہوما کو عہدے کا حلف دلائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ دیگر وزراءبھی عہدے اور رازداری کا حلف اٹھاسکتے ہیں۔ امکان ہے کہ تقریب کے بعد نئے وزیر اعلیٰ صحافیوں سے گفتگو بھی کریں گے۔ حلف برداری کی تقریب کے پیش نظر راج بھون اور اسمبلی ہال انیکسی کے اطراف حفاظتی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔x