National

چارمینار اور ہائی کورٹ کو بھی منہدم کر دیں گے کیا؟

53views

’حیدرا‘ کی انہدامی کارروائی پر حیدرآباد ہائی کورٹ برہمی

حیدرآباد30ستمبر(یواین آئی)تلنگانہ ہائی کورٹ نے جھیلوں اورتالابوں کے ایف ٹی ایل و بفرزون کیلئے حال ہی میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے تشکیل شدہ ادارہ حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ ایسیٹ مانیٹرنگ اینڈ پروٹکشن ایجنسی (حیدرا) پر کئی سوال اٹھائے۔ عدالت نے حیدراکے رویہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ سنگاریڈی ضلع کے امین پور میں انہدامی کارروائی کے خلاف کئی افراد نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ پیر کو ان کی درخواست کی سماعت ہائی کورٹ نے کی۔ عدالت نے قبل ازیں کمشنر حیدرارنگاناتھ کوحاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی تھی۔رنگاناتھ ورچول طریقہ کار کے مطابق عدالت میں حاضر ہوئے اور تفصیلات سے عدالت کو واقف کروایا۔ ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا کہ ہفتہ، اتوار اور غروب آفتاب کے بعد کیوں انہدامی کارروائی کی جا رہی ہے؟عدالت نے پوچھا کہ اتوار کو کام کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ چھٹیوں میں نوٹس کیوں دی جارہی ہے اور پھر ساتھ ہی فوری طورپر انہدامی کارروائی کیوں انجام دی جارہی ہے؟عدالت نے یاددہانی کروائی کہ ہفتہ اور اتوار کو انہدامی کارروائی نہ کرنے کے قبل ازیں عدالت نے فیصلے سنائے تھے۔عدالت نے ایک مرحلہ پر تحصیلدار سے پوچھا کہ کیا وہ عدالتی فیصلوں سے واقف ہیں؟رنگناتھ نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ تحصیلدار کی درخواست پر کارروائی کی گئی جس پر عدالت نے پوچھا کہ اگر تحصیلدار کہے تو کیا آپ آنکھیں بند کر کے کارروائی کریں گے؟ اگر وہ کہے تو کیا آپ چارمینار اور ہائی کورٹ کو بھی منہدم کر دیں گے؟ عدالت نے کہاکہ سیاسی شخصیات کو مطمئن کرنے کے لیے غیر قانونی کام نہ کئے جائیں۔ مرنے والے سے بھی اس کی آخری خواہش پوچھی جاتی ہے۔ عدالت نے پوچھا کہ کیا اتوار کو انہدامی کارروائی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف نہیں ہے؟ عدالت نے انہدامی کارروائی سے متعلق پالیسی پر بھی سوال اٹھایا۔
Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.