National

کیوں اڈیشہ کے ایک بھی شخص کو بھارت رتن سے نوازانہیں گیا؟: نوین پٹنائک کا وزیر اعظم سے سوال

97views

لوک سبھا انتخابات کے درمیان رہنماؤں کا  ایک دوسرے پر الزامات اور جوابی الزامات کا دور تیز ہوگیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ  یعنی 11 مئی کو اڈیشہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کے وزیر اعلی نوین پٹنائک اور بی جے ڈی پر  سخت حملہ کیا تھا ۔ اس کے بعد اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے بھی ایک ویڈیو جاری کیا اور وزیر اعظم مودی سے کئی سوال پوچھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اگلے 10 سالوں میں اڈیشہ کے لوگوں کا دل نہیں جیت سکے گی، 10 جون کو حکومت بنانے کو  توچھوڑ دے۔

وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے کہا، “اڈیشہ کے لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ مجھے پچھلے 24 سالوں سے کیا یاد ہے اور کیا نہیں، لیکن وزیر اعظم، کیا آپ کو اڈیشہ یاد ہے؟” اس سے قبل ہفتہ کو بالانگیر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ ریاست سے بالکل الگ تھلگ ہیں اور وہ کانٹا بنجی کے 10 گاؤں کے نام بھی نہیں بتا سکتے، جو اس الیکشن میں ان کی دوسری نشست ہے۔

وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے کہا، “اڑیہ ایک کلاسیکی زبان ہے، لیکن آپ اسے بھول گئے، آپ نے ملک بھر میں ثقافت کے لیے 1000 کروڑ روپے مختص کیے، لیکن آپ نے اڑیہ کے لیے ایک روپیہ بھی مختص نہیں کیا ۔ اڑیہ موسیقی کو کلاسیکی درجہ دینے کے لیے بھی  ہمارے مطالبہ کونظر انداز کیا گیا ۔

بی جے ڈی کے صدر نوین پٹنائک نے کہا، “اڈیشہ میں بہت سی عظیم ہستیاں ہیں جنہوں نے مختلف شعبوں میں زبردست خدمات انجام دی ہیں، لیکن ان میں سے کسی ایک کو بھی بھارت رتن سے نوازا نہیں گیا ہے۔‘‘ وزیر اعظم نریندر مودی کے 10 سالہ دور اقتدار کا حوالہ دیتے ہوئے نوین پٹنائک نے کہا، “کیا آپ کو 2014 اور 2019 کے انتخابات سے پہلے اڈیشہ کے لوگوں سے کیے گئے وعدے یاد ہیں؟ آپ نے کسانوں کے فائدے کے لیے دھان کی ایم ایس پی کو دوگنا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ہائی ویز، کوئلے کی رائلٹی میں اضافہ، مہنگائی میں کمی، 2 کروڑ نوکریاں فراہم کرنا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا اور اڈیشہ کے لوگوں کے لیے موبائل کنیکٹیویٹی بڑھانا، لیکن آپ ان تمام وعدوں کو بھول گئے ہیں۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.