56
نئی دہلی، 13 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مہاراشٹر کے ناسک میں ٹریننگ کے دوران دو اگنی ویروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ کیا حکومت دوسرے فوجیوں کی طرح ان اگنی ویروں کو بھی اعزاز اور معاوضہ دے گی۔ مسٹر گاندھی نے کہا، ’’ناسک میں تربیت کے دوران دو اگنی ویروں گوہل وشوراج سنگھ اور سیفت شت کی موت ایک دردناک واقعہ ہے۔ ان کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت۔ یہ واقعہ ایک بار پھر اگنی ویر اسکیم پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے، جس کا جواب دینے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت ناکام رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا گوہل اور سیفت کے اہل خانہ کو بروقت معاوضہ ملے گا جو کسی دوسرے فوجی کی شہادت کے برابر ہو۔ اگنی ویروں کے اہل خانہ کو پنشن اور دیگر سرکاری سہولیات کا فائدہ کیوں نہیں ملے گا؟ جب دونوں سپاہیوں کی ذمہ داریاں اور قربانیاں برابر ہیں تو پھر ان کی شہادت کے بعد یہ امتیاز کیوں؟ مسٹر گاندھی نے کہا، "اگنی پتھ اسکیم فوج کے ساتھ ناانصافی ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی شہادت کی توہین ہے۔ وزیراعظم اور وزیر دفاع جواب دیں کہ ایک فوجی کی جان دوسرے کی جان سے زیادہ قیمتی کیوں ہے۔