کولکاتہ:دھرمتلہ میں ترنمول کانگریس کا ‘زبان تحریک’ اسٹیج فوج کی مداخلت کے بعد ہٹا دیا گیا، جس نے ریاستی سیاست میں ایک بار پھر ہلچل پیدا کر دی ہے۔ فوج کے مطابق، اسٹیج لگانے کی اجازت صرف 31 اگست تک تھی اور مقررہ وقت کے بعد اسٹیج لگانا قواعد کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔تاہم ترنمول کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے پیچھے سیاسی سازش کارفرما ہے۔ حکومتی کیمپ کے مطابق، اسٹیج ہٹانے کا فیصلہ بی جے پی کی ہدایت پر کیا گیا، لیکن بی جے پی نے اس الزام کو فوری طور پر مسترد کر دیا۔اس واقعے کے پس منظر میں ریاستی سیاست کی تپش اس وقت بڑھی جب بیرون ریاست میں بنگالی زبان بولنے والے افراد پر مبینہ طور پر ظلم و تشدد کے حوالے سے اطلاعات سامنے آئیں۔ اس کے جواب میں خود وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے عوامی احتجاج کی قیادت کی۔
ممتا بنرجی نے کولکاتا، بولپور، جھڑگرام سمیت متعدد اضلاع میں مظاہرے کیے اور عوامی اجتماع میں خطاب کرتے ہوئے اس معاملے کو نہ صرف انسانی حقوق کا مسئلہ قرار دیا بلکہ ریاست میں عوامی یکجہتی کے لیے بھی اپیل کی۔ریاستی حکومت نے اس بحران کے پیش نظر ‘شرمشری’ منصوبہ بھی متعارف کرایا، جس کے تحت بیرون ریاست سے بنگال واپس آنے والے مزدوروں کو ایک سال کے لیے پانچ ہزار روپے فی کس کی امداد دی جائے گی۔ یہ منصوبہ ریاستی حکومت کی جانب سے واپس آنے والے مزدوروں کے معاشی تحفظ اور بحالی کے لیے ایک اہم اقدام سمجھا جا رہا ہے۔اسی دوران، ممتا بنرجی کی ہدایت پر ترنمول کے رہنما ہفتے میں دو دن، یعنی ہفتہ اور اتوار کو دھرمتلہ میں گاندھی مجسمے کے قدموں تلے رِیلے دھرنا دیتی رہی ۔ اسی مقام پر ‘زبان تحریک’ اسٹیج تیار کیا گیا تھا تاکہ ریاست میں زبان اور ثقافت کے تحفظ کے لیے عوامی حمایت کو منظم کیا جا سکے۔ترنمول کے مطابق، یہ تحریک نہ صرف بنگالی زبان کی حفاظت بلکہ بیرون ریاست بنگالیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی ہے۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے بھی مظاہروں میں حصہ لیا، جس سے سیاسی کشیدگی مزید بڑھ گئی۔ترنمول نےفوج کے اقدام کو سیاسی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی آواز دبائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب بی جے پی نےالزام کی سختی سے تردید کی، اور کہا کہ فوج کے اقدامات قانون کے مطابق تھے۔واضح ر ہے کہ مختلف اضلاع میں عوامی اجتماع اور مظاہرے ہوئے، جہاں بڑی تعداد میں لوگ اس تحریک کی حمایت کر رہے تھے۔یہ واقعہ ریاستی سیاست میں ایک نیا موڑ ثابت ہوا ہے، اور آئندہ دنوں میں اس کے سیاسی اور سماجی اثرات دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
دھرمتلہ میں ترنمول کا ‘بھاشا اندولن ’ اسٹیج فوج نے ہٹا دیا، سیاسی ہلچل تیز
مقالات ذات صلة
