ہومWest Bengalبہار میں کانگریس کی شکست کے بعد TMC متحرک

بہار میں کانگریس کی شکست کے بعد TMC متحرک

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

’انڈیا بلاک‘ کی باگ ڈور سنبھالنے کا اشارہ، علاقائی جماعتوں کے نئے کور گروپ کی تیاری

کولکاتہ:بہار اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی بھاری ناکامی نے اپوزیشن کی صفوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس صورتحال نے نہ صرف کانگریس کی سیاسی پوزیشن کمزور کی ہے بلکہ ’انڈیا بلاک‘ کے مستقبل پر بھی سوال اٹھا دیے ہیں۔ اسی پس منظر میں ترنمول کانگریس  نے تیزی سے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن کی قیادت میں زیادہ فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹی ایم سی قیادت کے مطابق، موجودہ سیاسی ماحول میں اپوزیشن کے لیے صرف کانگریس پر بھروسہ کرنا ایک کمزور حکمت عملی ہو گی۔ بہار کے نتائج نے اس کمزوری کو کھل کر سامنے لا دیا ہے۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ اگر بی جے پی کے خلاف مضبوط مزاحمت کھڑی کرنی ہے تو اپوزیشن اتحاد کو نئی شکل، نئی رفتار اور عملی قیادت کی ضرورت ہے۔اسی مقصد کے تحت ٹی ایم سی انڈیا بلاک کے اندر ایک مؤثر ’کور گروپ‘ کی تشکیل پر غور کر رہی ہے، جس میں علاقائی جماعتیں سماج وادی پارٹی، آر جے ڈی، شیو سینا (ادھو دھڑا)، اور عام آدمی پارٹی کو مرکزی کردار دیا جائے گا۔ یہ جماعتیں اپنے اپنے ریاستوں میں مضبوط اثر رکھتی ہیں اور ٹی ایم سی چاہتی ہے کہ انہی علاقائی قوتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے قومی سطح پر ایک متحرک اپوزیشن تیار کی جائے۔
ٹی ایم سی کے راجیہ سبھا ممبر ڈیرک اوبرائن نے واضح کیا کہ ممتا بنرجی نے کئی بار بی جے پی کے خلاف کامیاب لڑائی لڑی ہے، اور اب وہ اپنا تجربہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بانٹنے کے لیے تیار ہیں۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ جب تک اپوزیشن قیادت اجتماعی نہیں ہو گی اور فیصلہ سازی عملی بنیادوں پر نہیں ہو گی، تب تک بی جے پی کو چیلنج کرنا ممکن نہیں۔تاہم، ٹی ایم سی نے یہ بھی دو ٹوک کر دیا ہے کہ مغربی بنگال میں وہ اپنی ‘اکیلی لڑائی کی پالیسی سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ریاست میں پارٹی اپنی تنظیمی برتری برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر اپوزیشن اتحاد کو نئی سمت دینے کی کوشش کرے گی۔سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ بہار کے نتائج نے انڈیا بلاک کی اندرونی سیاست کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ایسے میں ٹی ایم سی کا ابھر کر سامنے آنا اس بات کا اشارہ ہے کہ اپوزیشن کی سیاست آنے والے وقت میں نئی صف بندی کے ساتھ سامنے آ سکتی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version