کولکاتہ:کلکتہ ہائی کورٹ کے جسٹس تیرتھنکر گھوش نے تقرری گھوٹالہ معاملے کے ملزم سُجَے کرشن بھدر (جسے عام طور پر ’’کالی گھاٹ کے کاکو‘‘ کہا جاتا ہے) کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ اس معاملے کی سماعت پہلے جسٹس شبھرا گھوش کی بنچ میں تقریباً مکمل ہو چکی تھی، لیکن عدالتی روسٹر میں تبدیلی کے بعد یہ کیس جسٹس تیرتھنکر گھوش کی عدالت میں منتقل کیا گیا۔ تاہم، جسٹس گھوش نے کیس کی سماعت سے خود کو علیحدہ کر لیا۔
اب یہ معاملہ کارگزار چیف جسٹس کے پاس بھیجا جائے گا، جو اس کی سماعت کے لیے نئے جج کی تقرری کریں گے۔ عدالت کے ذرائع کے مطابق، چونکہ سماعت تقریباً ختم ہو چکی تھی، اس لیے امکان ہے کہ اسے دوبارہ جسٹس شبھرا گھوش کی بنچ کو بھیجا جائے۔
یاد رہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 2023 میں تقرری گھوٹالے کے سلسلے میں ’’کالی گھاٹ کے کاکو‘‘ کو گرفتار کیا تھا، بعد میں سی بی آئی نے بھی اسی کیس میں انہیں دوبارہ حراست میں لیا تھا۔
ان کی صحت کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے کلکتہ ہائی کورٹ نے 18 فروری کو انہیں کچھ شرائط کے ساتھ ضمانت دے دی تھی۔ وہ اس وقت جیل سے باہر ہیں، لیکن اب انہوں نے عدالت سے ان شرائط میں نرمی کی درخواست کی ہے۔
