بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لیے نیا پلان نافذ
کولکاتہ:دورگا پوجا کے اختتام کے ساتھ ہی اب کالی پوجا کی تیاریوں نے رفتار پکڑ لی ہے، اور سیالدہ اسٹیشن و اس سے منسلک برانچوں پر روزانہ مسافروں کی تعداد میں زبردست اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اسی بڑھتی ہوئی بھیڑ کو منظم کرنے کے لیے ایسٹرن ریلوے نے 20 سے 24 اکتوبر تک خصوصی انتظامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق، اس دوران کوئی بھی تیز رفتار لوکل ٹرین نہیں چلے گی۔ تمام ٹرینیں ہر اسٹیشن پر رکیں گی تاکہ مسافروں کو آسانی ہو اور رش میں کمی آئے۔ خاص طور پر دم ڈم، باراسات، نیہاٹی اور بدھان نگر روڈ اسٹیشنوں پر خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں، جہاں سب سے زیادہ بھیڑ متوقع ہے۔
ایسٹرن ریلوے کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ تہوار کے دوران تمام لوکل ٹرینیں عام کام کے دنوں کے شیڈول پر چلیں گی، یعنی چھٹی کے دن بھی عام دنوں کی طرح سروس جاری رہے گی۔
دمدم اور بدھان نگر اسٹیشنوں سے تمام اپ لوکل ٹرینیں صرف پلیٹ فارم نمبر 1 سے روانہ ہوں گی۔ ان میں نیہاٹی، رانا گھاٹ، کرشن نگر، گیڈے، برہم پور کورٹ اور لالگولہ جانے والی ٹرینیں شامل ہیں۔
جنوبی برانچ میں ماجھرہاٹ اور بالی گنج سے گزرنے والی اپ لوکل ٹرینیں پلیٹ فارم نمبر 2 سے چلیں گی۔
باراسات -بنگاؤں-حسن آباد اور ڈانکونی کی سمت جانے والی اپ لوکل ٹرینیں بھی صرف دم ڈم اور بدھان نگر کے پلیٹ فارم نمبر 2 سے چلیں گی۔
تمام میل، ایکسپریس اور مسافر ٹرینیں دمدم اور بدھان نگر اسٹیشنوں پر صرف پلیٹ فارم نمبر 2 پر رکیں گی۔
مزید یہ کہ، سیالدہ اسٹیشن کے احاطے کو مکمل طور پر ہاکر فری رکھا جائے گا تاکہ آمد و رفت میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ تمام ٹکٹ کاؤنٹرز 20 سے 24 اکتوبر تک دن بھر کھلے رہیں گے تاکہ مسافروں کو کوئی دشواری نہ ہو۔
ریلوے نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کسی وجہ سے کسی ٹرین کا پلیٹ فارم تبدیل کرنا پڑا تو اس کی بروقت اطلاع اسٹیشن اور آن لائن ذرائع کے ذریعے دی جائے گی۔ کچھ ٹرینیں اس دوران عارضی طور پر منسوخ بھی ہو سکتی ہیں یا چند اسٹیشنوں پر نہیں رکیں گی۔ اس کی تفصیلات ریلوے کی ویب سائٹ اور اسٹیشن نوٹس بورڈز پر پہلے سے جاری کی جائیں گی۔
ریلوے حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تہوار کے دوران سفر سے پہلے ٹرین کا شیڈول ضرور چیک کریں اور بھیڑ بھاڑ والے اوقات میں اضافی وقت لے کر نکلیں تاکہ کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کالی پوجا کے موقع پر ایسٹرن ریلوے کی یہ تیاری اس بات کا ثبوت ہے کہ انتظامیہ اس سال مسافروں کی سہولت اور حفاظت کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
