ہومWest Bengalسالٹ لیک میں تشدد کے معاملے میں میسی کے ٹور پروموٹر کے...

سالٹ لیک میں تشدد کے معاملے میں میسی کے ٹور پروموٹر کے گھر پر ایس آئی ٹی کا چھاپہ

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

کولکاتہ، 19 دسمبر (یو این آئی) لیجنڈ فٹبالر لیونل میسی کے جی او اے ٹی انڈیا ٹور کے دوران 13 دسمبر کو کولکاتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں بھڑکنے والے تشدد کی تحقیقات کرنے والی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے جمعہ کے روز ضلع ہگلی کے رشرا میں لیڈ پروموٹر ستادرو دتہ کے گھر پر چھاپہ مارا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے ستادرو دتہ کے گھر پر صبح 7:30 بجے سے 11 بجے تک تین گھنٹے سے زیادہ تلاشی لی اور ارجنٹائنا کے فٹ بال لیجنڈ کے ٹور سے متعلق متعدد دستاویزات ضبط کیے اور ان کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات حاصل کیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی ٹی میسی کے ٹور کے شیڈول اور ستادرو دتہ سے متعلق مالی لین دین سے متعلق اہم دستاویزات کی جانچ کر رہی ہے۔تشدد پھوٹ بھڑکنے کے چند گھنٹوں بعد ستادرو دتہ کو سٹی ایئرپورٹ پر میسی کے پرائیویٹ جیٹ سے اتار کر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ میسی اپنے ذاتی سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ صرف 15 منٹ تک اسٹیڈیم میں موجود رہے تھے۔ ودھان نگر کی عدالت کے حکم پر ستادرو دتہ فی الحال 15 دن کی پولس حراست میں ہے۔دریں اثناء پولس نے میسی کے سالٹ لیک سٹیڈیم کے دورے کے دوران توڑ پھوڑ اور بدامنی کے سلسلے میں اب تک نو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ودھان نگر ساؤتھ تھانے کی پولس نے مزید تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا: دو لیک ٹاؤن سے اور ایک جنوبی 24 پرگنہ کے گھولا سے۔ اس سے قبل 13 دسمبر کو ہنگامہ آرائی، تشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) فسادیوں کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔ تفتیش کاروں نے اب تک تقریباً 84 افراد کی نشاندہی کی ہے جنہوں نے میسی اور ان کے دو ساتھیوں کو گھیرے میں لے رکھا تھا، اور مداحوں کو انہیں دیکھنے سے بھی روکا تھا۔ لوگوں نے میسی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے پندرہ ہزار روپے میں ٹکٹ خریدے تھے لیکن انھیں نہ دیکھ پانے سے وہ مایوس ہوگئے، اور انہوں نے اپنا غصہ نکالنے کے لیے پانی کی بوتلیں اسٹیڈیم کے سبز میدان پر پھینکنا شروع کر دیں۔ایس آئی ٹی کے چار سینئر آئی اے ایس افسران پہلے ہی اسٹیڈیم کا دورہ کر چکے ہیں۔ سکیورٹی ڈائریکٹر پیوش پانڈے کی قیادت میں، چار رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) میں ڈائریکٹر جنرل آف پولس (قانون و انتظام) جاوید شمیم، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (جنوبی بنگال) سپرتیم سرکار، اور بیرک پور کے پولیس کمشنر مرلی دھر شامل ہیں۔
فورنسک ٹیم نے بھی الگ سے اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور میدان میں بکھری ٹوٹی کرسیوں، پانی کی بوتلوں، کولڈ ڈرنک کی بوتلوں، ٹوٹے ہوئے گیٹس اور شیشے کے ٹکڑوں کے نمونے حاصل کیے۔ افسران نے جائے وقوعہ کی تصاویر اور ویڈیو ریکارڈ کیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version