مندروں سے لے کر کلیساؤں تک عقیدت مندوں کی بھیڑ
کولکاتہ: ریاست سمیت میٹرو سٹی کولکاتہ میں ‘بڑے دن ‘ یعنی کرسمس کے موقع پر سیاحتی مقامات سے لے کر مندروں تک میں لوگوں کا زبردست ہجوم دیکھا گیا۔ ریسٹورنٹ، پب، بار اور مالز میں بھی کافی بھیڑ رہی۔ وکٹوریہ میموریل، نِکو پارک، ایکو پارک، علی پور چڑیا گھر، انڈین میوزیم اور دیگر مقامات پر لوگوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔ نہ صرف سیاحتی مقامات بلکہ پارٹیوں کے لیے بھی مختلف ریسٹورنٹس، پب اور ڈسکو میں لوگوں کا بھاری ہجوم نظر آیا۔خاص طور پر پارک اسٹریٹ میں عوام کا جمِ غفیر دیکھا گیا۔ کرسمس کی تقریبات کے لیے پارک اسٹریٹ ایک ہفتہ پہلے سے ہی سج دھج کر تیار ہے۔ یہاں سانٹا کلاز، حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور مسیحی برادری سے وابستہ بڑی بڑی مورتیاں اور شاندار لائٹنگ کی گئی ہے۔ وہیں کالی گھاٹ مندر سے لے کر دکھنیشور کالی مندر سمیت مختلف مندروں میں عقیدت مندوں کی بھاری بھیڑ امڈ پڑی۔ راجدھانی کولکاتہ میں آج کرسمس کے موقع پر جشن کا ماحول رہا۔ چھٹی کا دن ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں سیاح شہر کے مختلف دیدنی مقامات کی طرف نکل پڑے۔ بچوں سے لے کر بزرگوں تک، خواتین اور نوجوان، ہر عمر کے لوگ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ گھومنے کے لیے گھروں سے باہر آئے۔شہر کے اہم سیاحتی مقامات پر صبح سے ہی بھیڑ نظر آئی۔ میوزیم، چڑیا گھر، برلا پلانیٹیریم، ایکو پارک اور دیگر مشہور مقامات کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ کرسمس کی چھٹی کے باعث مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ آس پاس کے اضلاع سے آنے والے سیاحوں کی تعداد بھی کافی زیادہ رہی۔ کولکاتہ کے بو بازار کے ‘بو بیرک ‘ میں بھی اسی طرح کرسمس کا جشن منایا جا رہا ہے اور وہاں بھی زبردست بھیڑ ہے۔
سیاحتی مقامات پر سیکورٹی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اضافی انتظامات کیے گئے تھے۔ 1500 اضافی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور ہجوم پر قابو پانے کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ بچوں کے ساتھ آئے خاندانوں میں خاص جوش و خروش دیکھا گیا، جبکہ نوجوانوں کے گروہ اور دوست بھی شہر کی رونق سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔ کرسمس کے موقع پر کولکاتہ کی سڑکوں اور پارکوں میں گہما گہمی بنی رہی۔ تہوار کے اس دن شہر مکمل طور پر جشن کے رنگ میں رنگا ہوا نظر آیا، جس سے سیاحت اور مقامی کاروبار کو بھی خاصا فروغ ملا۔
