عوام کی حفاظت اولین ترجیح: کولکاتہ پولیس کمشنر کی افسران کو ‘الرٹ ‘ رہنے کی ہدایت
جدید بھارت نیوز سروس
بھانگڑ، جنوبی 24 پرگنہ: کولکاتہ کے نو تعینات پولیس کمشنر سپرتیم سرکار نے ہفتہ کو بھانگڑ کا دورہ کر کے ایک سخت اور واضح پیغام دیا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران کسی بھی قسم کے تشدد یا سیاسی تصادم کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کمشنر نے علاقے کے تمام پولیس افسران اور تھانے کے عملے کے ساتھ میٹنگ میں نہ صرف موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا بلکہ مستقبل کے حفاظتی اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔بھانگڑ جنوبی 24 پرگنہ کا حساس علاقہ ہے، جہاں گزشتہ سالوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان جھگڑے اور تصادم کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ یہاں بعض اوقات بم دھماکوں اور ہنگاموں کی اطلاعات بھی موصول ہوتی رہی ہیں، جس نے مقامی عوام میں خوف اور بے چینی پیدا کر رکھی ہے۔ ایسے حالات میں کمشنر سپرتیم سرکار کا یہ دورہ ایک مضبوط پیغام کے طور پر لیا جا رہا ہے کہ انتخابات کے دنوں میں کسی بھی قسم کے سیاسی ہنگامے کو روکا جائے گا۔کمشنر نے اس موقع پر دور دراز علاقوں میں پولیس کی موجودگی، وہاں کے افسران کی مشکلات اور سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے زور دیا کہ بھان گڑھ میں انتخابات کے دوران مکمل زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی جائے اور کسی بھی طرح کے تشدد یا بدامنی کے واقعات کی اجازت نہ دی جائے۔اس دوران یہ بھی اعلان کیا گیا کہ بیجوئے گنج بازار میں نیا پولیس اسٹیشن جلد افتتاح کیا جائے گا تاکہ علاقے کی نگرانی اور پولیس رسپانس بہتر ہو سکے۔ کمشنر نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ انتظامیہ اور پولیس کے تمام محکمے عوام کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں اور کسی بھی صورت میں انتخابات کے دوران عوام میں خوف و تشویش پیدا نہ ہونے دیں۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسمبلی انتخابات قریب ہیں اور علاقے میں سیاسی کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔ سپرتیم سرکار کے مطابق، آنے والے دنوں میں بھان گڑھ کی سیکیورٹی کے لیے مزید متعدد اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔کمشنر سرکار کے اس مضبوط پیغام نے واضح کر دیا ہے کہ ریاستی پولیس اور انتظامیہ انتخابات کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔
