ہومWest Bengalقتل اور جعلی رسید کا الزام! راج گنج بی ڈی او کی...

قتل اور جعلی رسید کا الزام! راج گنج بی ڈی او کی ضمانت پر پولیس کا ہائی کورٹ میں چیلنج

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

جدید بھارت نیوز سروس
باراسات:راج گنج کے ’متنازع‘ بی ڈی او پرشانت برمن کے خلاف دت آباد کے سونے کے تاجر سوپن کمیلیا کے اغوا اور قتل کے معاملے میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت کی سخت مخالفت کی ہے۔ بیدھا نگر پولس کمشنریٹ نے باراسات عدالت کے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کر دیا ہے جس میں بی ڈی او کو پیشگی ضمانت دی گئی تھی، اور اب عدالت نے پولیس کو کارروائی کی اجازت بھی دے دی ہے۔پولیس کے مطابق بی ڈی او کے دفاع میں باراسات عدالت کو گمراہ کیا گیا اور عدالت میں جعلی ثبوت پیش کیے گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ بی ڈی او کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ قتل کے دن پرشانت برمن اپنی نیو ٹاؤن رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے بلکہ ایک گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرے تھے، جس کی رسید عدالت کو دی گئی۔ لیکن بیدھا نگر پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ رسید جعلی ہے اور عدالت کو دھوکہ دینے کے لیے تیار کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اصل میں قتل کے دن بی ڈی او اپنے نیو ٹاؤن فلیٹ میں موجود تھے اور سونے کے تاجر کو اسی فلیٹ میں لے جایا گیا تھا۔
مرنے والے سونے کے تاجر سوپن کمیلیا کا تعلق پسم مدنی پور کے نلدا علاقے سے تھا اور وہ گزشتہ 10 سے 15 سال سے دت آباد میں زیورات کی دکان چلا رہے تھے۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ 28 اکتوبر کو انہیں دکان سے زبردستی اٹھا لیا گیا تھا، جس کے بعد بدھ نگر جنوبی پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی ڈائری درج کرائی گئی۔ اگلے ہی دن ان کی لاش نیو ٹاؤن کے جاترا گاچھی کے باگجولا کھلپر علاقے کی جھاڑیوں میں ملی، جس کی شناخت گھر والوں نے تصویروں سے کی۔ اہل خانہ کا صاف الزام ہے کہ تاجر کو اغوا کرکے بے رحمی سے قتل کیا گیا۔یہ معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب بی ڈی او کے گھر سے کچھ دن قبل زیورات کے ٹکڑے چوری ہونے کا تنازعہ سامنے آیا۔ بی ڈی او کا دعویٰ تھا کہ چوری شدہ زیورات سونے کے تاجر نے اپنی دکان پر بیچے ہیں، اور اسی شک پر وہ کئی بار دکان پر پوچھ تاچھ کے لیے آئے۔ 28 اکتوبر کو بھی وہ نیلی بتی والی گاڑی میں دکان پر پہنچے، جس کا ویڈیو اور گواہ موجود ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسی گاڑی میں تاجر کو لے جایا گیا اور اگلے دن اس کی لاش ملی۔ واقعے کے بعد سے بی ڈی او غائب ہے اور اس کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔پولیس نے اب عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بی ڈی او نے جھوٹ پر مبنی دستاویزات پیش کرکے نہ صرف اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کی بلکہ تفتیش کو بھی گمراہ کیا۔ اسی بنیاد پر ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت منسوخ کروانے کی گزارش کی گئی ہے۔
اس تہلکہ خیز معاملے نے پورے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے اور لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ ایک سرکاری افسر کیسے اغوا، قتل اور جعلی ثبوت کے الزامات کے دائرے میں آ گیا۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ہی اس معاملے کی سمت واضح ہوگی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version