ہومWest Bengalبنگال میں NRC کسی بھی صورت میں برداشت نہیں

بنگال میں NRC کسی بھی صورت میں برداشت نہیں

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

آسنسول کے انتخابی جلسے میںممتا بنرجی کا دوٹوک اعلان

جدید بھارت نیوز سروس
آسنسول، 12 اپریل: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اتوار کو آسنسول کے اے ڈی ڈی اے گراؤنڈ میں ایک عظیم الشان انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔بانکوڑا سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے آسنسول پہنچنے والی ممتا بنرجی نے آسنسول اتر سے مولائے گھٹک، دکھن سے تاپش بنرجی سمیت ابھیجیت گھٹک، ہرے رام سنگھ اور نریندر ناتھ چکرورتی کی حمایت میں عوام سے ووٹ مانگے۔ اسٹیج پر ڈپٹی میئر وسیم الحق، امرناتھ چٹرجی اور سید محفوظ الحسن سمیت کئی اہم رہنما موجود تھے۔ شدید گرمی کے باوجود مجمع سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی بھائی چارے کا حوالہ دیا اور کلمہ طیبہ کے الفاظ سے اپنی گفتگو کا آغاز کیا۔
وزیراعلیٰ نے وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو براہِ راست نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ ایک گہری سازش کے تحت بنگال میں 90 لاکھ ووٹروں کے نام حذف کیے گئے، جن میں 60 لاکھ ہندو اور 30 لاکھ مسلمان شامل ہیں۔ انہوں نے طنزاً کہا کہ جس ووٹر لسٹ کے ذریعے مودی جی وزیراعظم بنے، اگر وہی غلط ہے تو انہیں سب سے پہلے استعفیٰ دینا چاہیے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ بنگال میں کسی بھی قیمت پر این آر سی (NRC) نافذ نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے بی جے پی کے ‘سنار بنگلہ ‘ کے نعرے کو سراب قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکز نے اس علاقے کو کچھ نہیں دیا، جبکہ ترنمول حکومت نے انڈال ایئرپورٹ، نذرل یونیورسٹی اور آسنسول کو ضلع بنا کر یہاں سوپر اسپیشلٹی اسپتال جیسی سہولیات فراہم کیں۔
ممتا بنرجی نے مودی حکومت پر جھوٹ بولنے کا الزام لگاتے ہوئے نعرہ دیا کہ “بی جے پی بولتی ہے جھوٹ اور ووٹ کی کرتی ہے لوٹ”۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بنگال جیتنے کے بعد دہلی کے اقتدار کی طرف قدم بڑھایا جائے گا۔ آسنسول کے لیے انہوں نے ‘انڈسٹریل ہب ‘ اور دھنسان زدہ علاقوں کی بازآبادکاری کا وعدہ بھی کیا۔ تقریر کے آخر میں انہوں نے ووٹروں کو اپنی نجی معلومات شیئر نہ کرنے کی ہدایت دی اور پارٹی امیدواروں کو خبردار کیا کہ وہ بی جے پی کی جانب سے رابطے کی کوششوں اور ‘غداری ‘ سے ہوشیار رہیں ۔ انہوں نے عوام سے جمہوری طریقے سے اپنے حقِ رائے دہندگی کی حفاظت کرنے کی اپیل کی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.