ہومWest Bengalکسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں

کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

ممتا کی بی جے پی کو کھلی للکار

جدید بھارت نیوز سروس
ندیا،11؍دسمبر :ندیا ضلع کے کرشن نگر میں ایک تاریخی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی اور مرکزی حکومت کے خلاف زبردست لفظی گولہ باری کی۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ’دریودھن‘ جیسے سخت لقب سے نوازا اور این ڈی اے انتظامیہ کو ’غلط حکمرانی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہلی کی حکومت جان بوجھ کر مغربی بنگال کو کمزور کرنے اور یہاں کے لوگوں کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر دہلی سے پولس بھیج کر بنگال کی ماؤں اور بہنوں کو دھمکایا جائے، ان کے گھروں پر دباؤ ڈالا جائے اور ان کے نام ووٹر لسٹ سے ہٹا دیے جائیں تو خواتین خاموش نہیں رہیں گی، کیونکہ ہر عورت کے کچن میں ایسے ہتھیار موجود ہیں جن سے وہ اپنے حق کی لڑائی لڑ سکتی ہیں۔ اب خواتین اٹھیں گی، لڑیں گی اور مرد ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے مرکزی حکومت کی مالی امداد روکنے پر سخت ناراضگی ظاہر کی اور الزام لگایا کہ دہلی حکومت گیتا پاٹھ اور SIR جیسے پروگراموں کو مذہب کے نام پر سیاست کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بنگال کے لوگ گیتا ہو یا نماز، سب کچھ دل سے اور اپنے گھروں میں کرتے ہیں، مذہب کا مقصد انسانیت، شرافت، امن اور بھائی چارہ ہے، نفرت اور تقسیم نہیں۔ ممتا نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ ہر انتخاب کے دوران پیسے کا بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے اور باہر کی ریاستوں سے لوگوں کو لا کر یہاں کے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ کیا اب مجھے فسادیوں کی پارٹی کے سامنے اپنی شہریت ثابت کرنی ہوگی؟ وزیر اعلیٰ نے سخت لہجے میں کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ ہر بنگالی کو بنگلہ دیشی بتانے کی کوشش میں ہیں، لیکن ہم کسی کو بھی مغربی بنگال سے بے دخل نہیں ہونے دیں گے، اور اگر کسی کو زبردستی نکالا گیا تو ہم اسے واپس لانا خوب جانتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن انتخابی عمل کو متاثر کرنے کے لیے بی جے پی کے قریب افسران کو تعینات کر رہا ہے، دہلی سے کچھ افراد بھیجے گئے ہیں جو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس کے کام میں براہ راست مداخلت کر رہے ہیں اور ریاست کے حالات پر نظر رکھنے کے نام پر غیر ضروری دباؤ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے ای ڈی ہو، سی بی آئی، بی ایس ایف یا سی آئی ایس ایف، جتنی بھی ایجنسیاں بھیج دیں، بنگال کسی دھمکی کے آگے سر نہیں جھکائے گا، یہ ملک کے لیے بھی صحت مند علامت نہیں ہے۔ اپنے خطاب کے آخر میں ممتا بنرجی نے ایک بڑا سیاسی دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی 2029 تک حکومت نہیں چلا پائے گی، لوگوں کا موڈ بدل رہا ہے اور بہت جلد سچ سب کے سامنے آ جائے گا۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version