ہومWest Bengalگنگا کے پانی کے معیار پر این جی ٹی کی سخت پھٹکار

گنگا کے پانی کے معیار پر این جی ٹی کی سخت پھٹکار

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

محض خلاصہ نہیں، اصل ڈیٹا پیش کریں!

کولکاتہ:نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے دریائے گنگا کے پانی کے معیار پر شدید ناراضی ظاہر کرتے ہوئے مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ وہ صرف اعداد و شمار کا خلاصہ پیش کرنے کے بجائے ہر نمونے کے اصل ڈیٹا سمیت مکمل رپورٹ چار ہفتوں کے اندر جمع کرے۔
یہ معاملہ مغربی بنگال کے علاقے میں گنگا کی آلودگی پر دائر ایک درخواست کی سماعت کے دوران سامنے آیا۔ این جی ٹی کی پرنسپل بنچ،جس کی صدارت جسٹس پرکاش سریواستو (چیئرمین) کر رہے تھے اور ان کے ساتھ ڈاکٹر اے سینتھل ویل (ماہر رکن) موجود تھے—نے واضح الفاظ میں کہا کہ محض “جیومیٹرک مینز” اور “میڈین” جیسی شماریاتی اصطلاحات سے اصل آلودگی کی شدت کا پتہ نہیں چلتا۔
سی پی سی بی نے 6 اکتوبر کو اپنی رپورٹ میں گنگا کے پانی کے مختلف مقامات سے لیے گئے نمونوں کے بیکٹیریالوجیکل پیرامیٹرز،جیسے ٹوٹل کولیفارم، فیکل کولیفارم، فیکل اسٹریپٹوکوکی، اور ای کولی کا خلاصہ پیش کیا تھا۔ لیکن این جی ٹی نے اس رپورٹ پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ “درست تشخیص اسی وقت ممکن ہے جب ہر نمونے کی اصل ریڈنگ پیش کی جائے۔دوسری جانب، مغربی بنگال حکومت نے اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے لیے 6 ہفتوں کی مہلت مانگی ہے، جس پر ٹریبونل نے فی الحال کوئی فیصلہ نہیں سنایا۔این جی ٹی نے ہدایت دی کہ سی پی سی بی اپنی نئی رپورٹ میں تمام نمونوں کا اصلی، غیر ایوریج شدہ ڈیٹا فراہم کرے تاکہ گنگا کے پانی کے معیار اور آلودگی کی سطح کا حقیقی تجزیہ کیا جا سکے۔
ٹریبونل نے یہ بھی کہا کہ گنگا کی صفائی کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا صحیح اندازہ تبھی لگایا جا سکتا ہے جب شفاف اور بنیادی معلومات سامنے آئیں۔اس کیس کی اگلی سماعت 28 نومبر 2025 کو مقرر کی گئی ہے۔یہ فیصلہ ایک بار پھر ظاہر کرتا ہے کہ این جی ٹی گنگا کی صفائی، ندیوں کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کے معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version