ایس آئی آر فارم کی ڈیڈ لائن 4 دسمبر ہی برقرار
کولکاتہ:کولکاتہ میں ووٹر لسٹ کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کو لے کر الیکشن کمیشن اور ریاست کی ترنمول کانگریس حکومت کے درمیان کشیدگی میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ مختلف علاقوں میں ووٹروں نے شدید الزام عائد کیا ہے کہ کئی بی ایل اوز اپنی سستی اور بدنظمی چھپانے کے لیے عوام میں گمراہ کن دعوے پھیلا رہے ہیں، جس سے پورے بنگال، خاص طور پر کولکاتہ، مٹیابرج، مہیشتلہ اور پورٹ حلقوں میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے۔
ووٹروں کے مطابق متعدد بی ایل اوز جان بوجھ کر 24 نومبر، 25 نومبر یا 28 نومبر کو فارم جمع کرانے کی ڈیڈ لائن بتا رہے ہیں، جبکہ اصل تاریخ اس سے بالکل مختلف ہے۔ لوگوں کو اندیشہ ہے کہ اگر کوئی ووٹر غلط معلومات، ذہنی دباؤ یا بی ایل اوز کے غیر ضروری پریشر کی وجہ سے کسی شدید صحتی مسئلے کا شکار ہو جاتا ہے، تو اس کی ذمہ داری کون لے گا؟ عوامی ناراضی کے درمیان الیکشن کمیشن نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ SIR فارم جمع کرانے کی حتمی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر منوج کمار اگروال نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے ہی 4 نومبر سے 4 دسمبر تک کا وقت مقرر کر رکھا ہے، اور یہی مدت آج بھی نافذ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف سیاسی جماعتوں نے اُن سے سوال کیا کہ کیا فارم کی آخری تاریخ 25 یا 28 نومبر کر دی گئی ہے، مگر انہیں صاف جواب دے دیا گیا کہ ڈیڈ لائن اب بھی 4 دسمبر ہی ہے۔ سی ای او نے مزید کہا کہ اگر کوئی بی ایل او جھوٹ پھیلاتا، دباؤ ڈالتا یا کنفیوژن پیدا کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے صاف کر دیا ہے کہ ضابطے طے شدہ ہیں، تاریخیں تبدیل نہیں ہوتیں، اور عوام کو خوفزدہ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔
