ترنمول لیڈروں سے لیکر شوبھن چٹرجی تک سب کی نظریں دیدی کے دروازے پر
کولکاتہ:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ایک بار پھر اپنی روایت کو نبھاتے ہوئے “بھائی پھوٹا” (بھائی دوج) کے موقع پر اپنے کالی گھاٹ واقع گھر میں خاص تقریب کا اہتمام کرنے جا رہی ہیں۔ یہ تقریب، جو برسوں سے خاندانی جشن کے طور پر منائی جاتی ہے، اب ریاستی سیاست میں بھی ایک اہم علامت بن چکی ہے ،کیونکہ اس دن دیدی کے گھر آنے جانے والوں کی فہرست سے اکثر سیاسی اشارے نکلتے ہیں۔
ہر سال کی طرح ممتا بنرجی اپنے بھائیوں کو پھوٹا دیتی ہیں ۔ وزیر اعلیٰ کے پانچ بھائی ہیں، جن میں سے ایک کا انتقال ہو چکا ہے۔ گزشتہ سال یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ان کے بھائی سوپن بنرجی المعروف بابون کو شاید مدعو نہ کیا جائے، مگر آخرکار دیدی نے خود ان کی کلائی پر راکھی باندھا، جس سے خاندانی رشتوں کی گرمجوشی کا پیغام گیا۔اس سال بھی امکان ہے کہ بابون سمیت تمام بھائی تقریب میں موجود ہوں گے۔
مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ موقع خالصتاً خاندانی ہونے کے باوجود ترنمول کانگریس کے کئی بڑے چہرے بھی اس کا حصہ بنتے ہیں۔ پچھلے سالوں کی طرح، اس بار بھی دیدی کے بھائی پھوٹا کی فہرست میں ریاستی صدر سبرت بخشی، کولکاتہ کے میئر فرہاد حکیم، پاور منسٹر اروپ بسواس، سیاحت کے وزیر اندرنیل سین، ایم پی ڈیرک اوبرائن اور کلیان بنرجی جیسے سینئر لیڈر شامل ہو سکتے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، دیدی کے ہاتھوں پھوٹا پانے کا مطلب ہے “اعتماد کی مہر”۔
اس بار خاص توجہ اس بات پر ہے کہ شوبھن چٹرجی اور بیساکھی بنرجی بھی اس سال کی تقریب میں شریک ہوں گے یا نہیں۔ شوبھن، جو کافی عرصے تک سیاسی منظر سے غائب رہے، اب نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے چیئرمین کے طور پر دوبارہ خبروں میں ہیں۔ ان کی ممکنہ شرکت نے تقریب کو مزید معنی خیز بنا دیا ہے۔
دوسری جانب، پارٹی کے آل انڈیا جنرل سکریٹری اور ممتا کے بھتیجے، ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ “شانتی نکیتن” میں ایک علیحدہ بھائی پھوٹا کی تقریب ہوگی، جس میں ان کے قریبی رشتہ دار شریک ہوں گے۔
سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے ممتا بنرجی کا یہ بھائی پھوٹا “رمزی سیاسی پیغام” دے سکتا ہے۔ کون بلایا جائے گا، کون نہیں ۔ یہی طے کرے گا کہ ترنمول کے اندر کون دیدی کے قریب ہے اور کون نسبتاً فاصلے پر۔
اگرچہ ممتا بنرجی نے ہمیشہ کہا ہے کہ “سیاست کو ذاتی رشتوں کے ساتھ نہیں جوڑتی”، لیکن حالیہ تنظیمی تبدیلیوں اور پارٹی کے اندر بڑھتی سرگرمیوں کے درمیان، اس سال کی بھائی پھوٹا تقریب پر سب کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں۔
ایک سینئر سیاسی تجزیہ کار کے الفاظ میں کہا جاسکتا ہےکہ“دیدی کے پھوٹا میں صرف سوپاری یا تلک نہیں، بلکہ بنگال کی سیاست کا پورا مزاج جھلکتا ہے۔”
