ہومWest Bengalممتا بنرجی 18 دسمبر کو ’بزنس انڈسٹری کانکلیو‘ کا افتتاح کریں گی

ممتا بنرجی 18 دسمبر کو ’بزنس انڈسٹری کانکلیو‘ کا افتتاح کریں گی

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

بنگال کی صنعتی ترقی پر روشنی ڈالیں گی

کولکاتہ: مغربی بنگال میں انتخابی سرگرمیوں کے درمیان ریاستی حکومت ایک بڑے اقتصادی ایونٹ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی 18 دسمبر کو کولکتہ کے دھندھنیا آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے عظیم الشان ’بزنس انڈسٹری کانکلیو‘ کا افتتاح کریں گی۔
اس تقریب کا مقصد ریاست میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے امکانات اور حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو عوام کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنا ہے۔
نوانو میں چیف سکریٹری ڈاکٹر منوج پنت کی صدارت میں منعقدہ ’سینرجی میٹنگ‘ کے بعد وزیر اعلیٰ کے چیف فائنانشل ایڈوائزر ڈاکٹر امیت مترا نے بتایا کہ یہ کنکلیو بنگال کی ترقی کے نئے باب کی علامت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ “یہ صرف ایک سمٹ نہیں بلکہ ایک حقیقی صنعتی مکالمہ ہے، جہاں ملک اور بیرون ملک کے ممتاز صنعتکار اپنے تجربات اور کامیاب سرمایہ کاری کے ماڈلز پیش کریں گے۔
ڈاکٹر مترا نے مزید کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بنگال میں سرمایہ کاری کرنے والے صنعتکار خود عوام کے سامنے یہ بتائیں کہ ان کے منصوبوں سے کتنے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے اور مستقبل میں کیا امکانات ہیں۔ اس کنکلیو کا ایک اہم مقصد ریاست میں روزگار کے نئے دروازے کھولنا اور سرمایہ کاری کے اعتماد کو مضبوط کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس تقریب میں مختلف شعبوں جیسے مینوفیکچرنگ، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، توانائی اور زرعی صنعتوں پر خصوصی سیشنز ہوں گے۔ ماہرین ان شعبوں میں بنگال کی پوزیشن، امکانات اور سرمایہ کاری کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام بنگال گلوبل بزنس سمٹ (BGBS) یا نارتھ بنگال انڈسٹری میٹ جیسی بڑی کانفرنسوں کا متبادل نہیں بلکہ ایک تجرباتی اور نتائج پر مبنی پلیٹ فارم ہے، جہاں زمینی سطح پر حاصل کی گئی کامیابیوں کو پیش کیا جائے گا۔
انتخابات کے قریب یہ ایونٹ حکومت کے لیے ایک سیاسی و اقتصادی پیغام کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے کہ بنگال صرف سیاسی مباحث کا مرکز نہیں بلکہ صنعت کاری اور سرمایہ کاری کا نیا چہرہ بننے جا رہا ہے۔
ریاستی حکومت کو امید ہے کہ اس کنکلیو کے ذریعے نہ صرف سرمایہ کاروں میں اعتماد بڑھے گا بلکہ بنگال کو قومی سطح پر ایک ترقی یافتہ صنعتی ریاست کے طور پر پیش کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version