وزیر اعلی نےدونوں بنگالوں کے تعلقات کے استحکام پر دیازور
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ: بنگلہ دیش کے 13ویں قومی اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی این پی کے صدارتی امیدوار اور خالدہ ضیاء کے بیٹے طارق رحمان کو فوری طور پر مبارکباد دی۔ بی این پی نے 299 میں سے 212 نشستیں جیت کر پارلیمنٹ میں واضح اکثریت حاصل کی ہے، جس کے نتیجے میں طارق رحمان مستقبل کے وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے اپنے ایکس ہینڈل پوسٹ میں لکھا کہ وہ بی این پی، ان کی پارٹی اور دیگر جماعتوں کو اس تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتی ہیں اور امید ظاہر کی کہ دونوں بنگالوں کے درمیان دوستانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے۔جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں 300 میں سے 299 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی، جبکہ شیرپور حلقے میں امیدوار کی موت کے باعث ووٹنگ ملتوی کی گئی۔ سرکاری نتائج کے مطابق بی این پی اتحاد نے 212، جماعت اسلامی اندولن بنگلہ دیش نے 77، اسلامی اندولن بنگلہ دیش نے 1 اور آزاد امیدواروں نے 7 نشستیں جیتی ہیں۔ چٹاگرام-2 اور چٹاگرام -4 کے حلقوں کے نتائج بعد میں اعلان کیے جائیں گے۔ممتا بنرجی کے بی این پی کو مبارکباد دینے کا یہ اقدام دونوں ممالک کے تعلقات کے استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔ سابقہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ساتھ بنگال کی وزیر اعلیٰ کے خوشگوار تعلقات کے پس منظر میں ممتا نے واضح کیا کہ چاہے حکومت بدلے، دونوں بنگالوں کے درمیان دوستانہ، تعمیری اور تعاون پر مبنی تعلقات برقرار رہنے چاہئیں۔انہوں نے پوسٹ میں لکھا،تمام بھائیوں اور بہنوں، بنگلہ دیش کے عوام کو میری نیک خواہشات اور ابتدائی رمضان مبارک۔ میں اپنے طارق بھائی، ان کی پارٹی اور دیگر جماعتوں کو بنگلہ دیش کی اس بڑی فتح پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ سب خیریت سے اور خوش رہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممتا بنرجی نہ صرف سیاسی لحاظ سے شائستگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں بلکہ دونوں بنگالوں کے درمیان پائیدار تعلقات کو یقینی بنانے پر بھی زور دے رہی ہیں۔سیاسی مبصرین کے مطابق ممتا کی یہ فوری مبارکباد بنگلہ دیش میں نئی حکومت کے قیام کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں دوستانہ فضا قائم رکھنے کا ایک اہم اشارہ ہے، جو خطے کی سیاست اور معاشی تعاون کے لیے بھی مثبت ثابت ہو سکتا ہے۔
