گاندھی مجسمہ سے ٹھاکر باڑی تک نگالی جائے گی جلوس
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ: مغربی بنگال کی سیاست ایک بار پھر گرم ہو گئی ہے۔ ریاست کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے “SIR” کے معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف کھلے عام محاذ کھول دیا ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی ووٹر لسٹ کی اس خصوصی نظرثانی کو بہانہ بنا کر لاکھوں مستحق ووٹروں کے نام حذف کرنے کی سازش کر رہی ہے۔اسی پس منظر میں، ترنمول سپریمو ممتا بنرجی اور پارٹی کے آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے ایک بڑے احتجاجی جلوس کا اعلان کیا ہے۔ دونوں لیڈر 4 نومبر بروز منگل دوپہر 1:30 بجے کولکاتہ کی سڑکوں پر اتریں گے۔ جلوس دھرمتلہ میں گاندھی مجسمہ کے دامن سے شروع ہو کر جوراسنکو ٹھاکر باڑی تک جائے گا۔ذرائع کے مطابق، اس مارچ میں پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، کونسلر اور پارٹی کے سینکڑوں کارکنان شریک ہوں گے۔ ترنمول قیادت کا کہنا ہے کہ اس مارچ کا مقصد عوام کو آگاہ کرنا اور بی جے پی کی مبینہ سازش کے خلاف متحد ہونا ہے۔قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں ریاست میں کم از کم تین افراد نے مبینہ طور پر SIR کے خوف سے اپنی جان دے دی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں اندیشہ تھا کہ ووٹر لسٹ سے ان کے نام خارج کر دیے جائیں گے۔ ان واقعات نے ریاستی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے، اور ترنمول نے اسے بی جے پی کے “غیر جمہوری عزائم” سے جوڑتے ہوئے شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
ممتا بنرجی، جو پچھلے کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر بی جے پی کو نشانہ بناتی رہی ہیں، اب سڑکوں پر اتر کر ایک بڑا عوامی مظاہرہ کرنے جا رہی ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، مارچ کے اختتام پر ممتا اور ابھیشیک بنرجی عوام کو ایک اہم پیغام دیں گے، جس میں ووٹر لسٹ سے متعلق آگاہی اور بی جے پی کی “سازشوں” کے خلاف متحرک رہنے کی اپیل متوقع ہے۔دوسری جانب، ترنمول کانگریس نے ریاست بھر میں 6200 “SIR ہیلپ ڈیسک” قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ایک ماہ تک کام کریں گے۔ ابھیشیک بنرجی نے جمعہ کو پارٹی کے بی ایل اے کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کے دوران ہدایت دی کہ اگر کسی کو SIR فارم بھرنے یا کسی ووٹر لسٹ سے متعلقہ معاملے میں پریشانی ہو تو وہ فوراً ان مراکز سے مدد حاصل کرے۔پارٹی نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی حال میں ووٹروں کے حقوق پر آنچ نہیں آنے دے گی۔ ترنمول رہنماؤں کا کہنا ہے کہ “SIR کے نام پر بی جے پی خوف کا ماحول بنا رہی ہے، مگر ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ سازش ناکام ہوگی۔ کولکاتہ کے سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ یہ مارچ صرف ایک احتجاج نہیں بلکہ ریاستی اسمبلی انتخابات 2026 کے لیے ترنمول کا پہلا بڑا سیاسی شو آف پاور ہے۔ ممتا اور ابھیشیک کا ایک ساتھ سڑک پر اترنا پارٹی کے اندرونی اتحاد کا مظاہرہ اور بی جے پی کے لیے ایک سخت سیاسی پیغام سمجھا جا رہا ہے۔4 نومبر کو کولکاتہ کی سڑکوں پر ممتا-ابھیشیک بنرجی کی جوڑی بی جے پی کے خلاف “SIR سازش” کے نعرے کے ساتھ اترنے والی ہے۔ دھرمتلہ سے ٹھاکر باڑی تک کا یہ جلوس بنگال کی سیاست میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔
