سورَبھ گنگولی اور شاہ رخ خاں استقبال کریں گے
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ، 12 دسمبر (یو این آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، بنگال کے سابق برانڈ ایمبیسیڈر اور بالی ووڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان اور سابق ہندوستانی کپتان سوربھ گانگولی لیونل میسی کا ہفتے کے روز مغربی بنگال کے دارالحکومت میں استقبال کریں گے۔لیونل میسی نے خود تصدیق کی ہے کہ وہ 13 سے 15 دسمبر 2025 کے درمیان ہندوستان آ رہے ہیں۔ وہ 12/13 دسمبر کی شب دبئی کے راستے میامی سے اپنے پرائیویٹ جیٹ کے ذریعے کولکاتا ایئرپورٹ پر اتریں گے، ان کے ساتھ انٹر میامی کے کچھ ساتھی کھلاڑی بھی ہوں گے۔شہر کا ماحول میسی کی آمد کے پیش نظر بہت پُرجوش ہے۔ ہوائی اڈے سے لے کر اسٹیڈیم اور ای ایم بائی پاس کے ہوٹل تک سخت حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اسٹیڈیم کے قریب آرٹسٹ مونٹی پال نے لیونل میسی کے اعزاز میں 70 فٹ بلند اونچا مجسمہ تیار کیا ہے، جسے ریاستی فائر بریگیڈ کے وزیر سجیت بوس نے اسپانسر کیا ہے۔ توقع ہے کہ میسی اس مجسمے کا افتتاح کریں گے۔یہ مجسمہ 45 افراد کی ٹیم نے 27 دن کی مسلسل محنت سے تیار کیا ہے۔ مجسمہ میسی کو فیفا ورلڈکپ ٹرافی اٹھائے ہوئے دکھاتا ہے اور اسے کلکتہ کے سری بھومی اسپورٹنگ کلب نے لیک ٹاؤن، ساؤتھ دم دم میں مکمل کیا ہے۔ منتظمین کے مطابق یہ دنیا میں کسی بھی فٹبالر کا سب سے اونچا مجسمہ ہے۔بالی وڈ فلم اسٹار اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رُخ خان میسی سے ملنے کے لیے بے حد پُرجوش ہیں۔ میسی کو دنیا کے عظیم ترین فٹبالروں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔میسی 14 سال بعد ایک بار پھر کولکاتا پہنچنے والے ہیں۔ آخری بار وہ یہاں اس وقت آئے تھے جب انہوں نے اپنی قومی ٹیم ارجنٹینا کی قیادت کرتے ہوئے وینیزویلا کے خلاف ایک دوستانہ میچ کھیلا تھا۔
شاہ رُخ خان باقاعدگی سے کولکاتا کا دورہ کرتے ہیں، خاص طور پر اُس وقت جب اُن کی ٹیم کے کے آر ہر سیزن آئی پی ایل کے میچ کھیلتی ہے۔ لیکن اس بار ان کا دورہ خاص ہے، کیونکہ یہ مکمل طور پر ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر لیونل میسی کے لیے ہے، جنہوں نے اپنی ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کا چیمپئن بنایا تھا۔شاہ رُخ خان نے میسی سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا،”اس بار میں کولکاتا میں اپنی نائٹ (کے کے آر) کی کوئی پلاننگ نہیں کر رہا۔ امید ہے کہ پورا دن میسی کے نام رہے۔ آپ سب سے 13 تاریخ کو سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ملاقات ہوگی۔”میسی حیدرآباد میں ایک نمائشی میچ میں بھی حصہ لیں گے اور ممبئی جانے سے پہلے ایک میوزیکل شو میں بھی شریک ہوں گے۔میسی کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں پیر، 15 دسمبر کو منعقد کی جائے گی جہاں وزیراعظم نریندر مودی ارجنٹینا کے اسٹارکھلاڑی کی عزت افزائی کریں گے۔میسی دوپہر میں حیدرآباد کے لیے روانہ ہوں گے۔میسی کے مداحوں میں ہندوستان کے ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان شبھمن گل بھی شامل ہیں، جنہیں امید ہے کہ وہ 14 دسمبر کو دھرم شالہ میں ہونے والے ٹی-20 میچ کے بعد میسی سے ملاقات کر پائیں گے۔میسی کے موجودہ دورے کا سب سے بڑا مرکز اتوار کو ممبئی میں ہونے والا 45 منٹ کا فیشن شو ہوگا، جس میں یہ عظیم فٹبالر اپنے دیرینہ ساتھی لویس سواریز اور ارجنٹینا کے مڈفیلڈر روڈریگو ڈی پال کے ساتھ شرکت کریں گے۔ سواریز ایک ہسپانوی موسیقی پروگرام میں بھی پرفارم کریں گے۔منتظمین نے میسی سے درخواست کی ہے کہ وہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کی جیت سے جڑی کچھ یادگار اشیاء بھی ساتھ لائیں، جن کی ممبئی میں نیلامی کی جائے گی۔
ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہونے والے اس پروگرام سے قبل کرکٹ کلب آف انڈیا (سی سی آئی) میں پیڈل کپ کا انعقاد ہوگا۔
