ہومWest Bengalکولکاتہ نے دیوالی پر دہلی کو مات دی، آلودگی کے باوجود ہوا...

کولکاتہ نے دیوالی پر دہلی کو مات دی، آلودگی کے باوجود ہوا رہی صاف!

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

کولکاتہ: دیوالی اور کالی پوجا کے موقع پر جب دہلی ایک بار پھر آلودگی کے دھوئیں میں ڈوب گئی، تب کولکاتہ نے سب کو حیران کر دیا۔ پٹاخوں کی چمک اور شور شرابے کے باوجود، کولکاتہ کی ہوا کا معیار مجموعی طور پر “اچھا” رہا۔ ماہرین ماحولیات کے مطابق یہ شہر کے میونسپل کارپوریشن کی بروقت کارروائیوں اور منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔دیوالی کی رات جب پورا کولکاتہ روشنیوں اور آتش بازی سے جگمگا رہا تھا، اس وقت دہلی کی فضا زہریلی ہو چکی تھی۔ دہلی کے کئی علاقوں میں PM2.5 کی مقدار 500 مائیکروگرام فی کیوبک میٹر تک جا پہنچی ، وہی خطرناک سطح جس پر کولکتہ کے چند علاقوں جیسے جادھوپور اور وکٹوریہ اسکوائر میں بھی ہوا عارضی طور پر پہنچ گئی۔ مگر اگلے ہی ہفتے صورتحال بدل گئی: دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) بدترین سطح پر رہا، جبکہ کولکتہ میں فضا قابلِ تنفس اور مجموعی طور پر “اچھی” رہی۔کولکاتہ میونسپل کارپوریشن نے اس بار تہوار سے پہلے ہی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جامع منصوبہ بنایا تھا۔ کچرا جمع کرنے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے محکمے نے پورے شہر میں روزانہ صبح، دوپہر اور رات کے وقت پانی کا چھڑکاؤ، سڑکوں کی صفائی اور فضائی پانی کا اسپرے شروع کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دو بڑے مسٹ کینن بھی متواتر چلائے گئے تاکہ ہوا میں موجود گرد و غبار کو کم کیا جا سکے۔
ایک افسر نے بتایا سابق میونسپل کمشنر دھبل جین نے خصوصی ہدایت دی تھی کہ تہوار کے موسم اور سردیوں کے دوران آلودگی پر قابو پانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں۔ نتائج سب کے سامنے ہیں ، شہر کی فضا اب دہلی سے کہیں بہتر ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے اعدادوشمار بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہیں۔
پیر کے روز فورٹ ولیم میں AQI 91.6 ریکارڈ کیا گیا ۔ جو ’سبز‘ زمرے میں آتا ہے۔ رابندر بھارتی یونیورسٹی کے علاقے میں 82.7، رابندر سروور میں 55.6، اور وکٹوریہ و بالی گنج کے علاقوں میں ’پیلا‘ یا معتدل درجہ ریکارڈ ہوا۔ منگل کو مجموعی انڈیکس 79 رہا، جسے ماہرین نے ’مجموعی طور پر اچھا‘ قرار دیا۔
ماحولیاتی ماہر کلیان رودرا، چیئرمین مغربی بنگال آلودگی کنٹرول بورڈ نے کہا کولکاتہ اس وقت پورے ملک کے صاف ترین شہروں میں شامل ہے۔ مرکزی حکومت نے اسے ایوارڈ سے بھی نوازا ہے۔ اکثر جب حالات خراب ہوتے ہیں تو شور مچتا ہے، مگر جب شہر بہتر کارکردگی دکھاتا ہے، تو تعریف نہیں کی جاتی۔
دوسری جانب دہلی میں سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی آلودگی خطرناک سطح پر جا پہنچی ہے۔ ماہرین کے مطابق دارالحکومت اب تقریباً ’گیس چیمبر‘ بن چکا ہے۔ لیکن کولکتہ میں صورتِ حال مختلف ہے , جہاں شہری انتظامیہ، آلودگی کنٹرول بورڈ اور شہری شعور، تینوں نے مل کر ایک مثال قائم کی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version