ہومWest Bengalووٹر فہرست میں بے ضابطگیاں صرف بنگال میں نہیں

ووٹر فہرست میں بے ضابطگیاں صرف بنگال میں نہیں

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

12 دیگر ریاستوں میں بھی پائی گئیں: چیف الیکشن کمشنر

کولکاتہ، 10 مارچ (یو این آئی) چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے منگل کے روز کہا کہ ’خصوصی جامع نظرثانی(ایس آئی آر) کے عمل کے دوران پائی جانے والی منطقی بے ضابطگیاں صرف مغربی بنگال تک محدود نہیں ہیں۔مسٹر کمار نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں جن 12 ریاستوں میں یہ مہم چلائی جا رہی ہے، ان تمام ریاستوں میں ایسی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایس آئی آر کے دوران بے ضابطگیوں کی شناخت کرنا ایک معیاری عمل ہے۔ سال 2002 میں کی گئی پچھلی نظرثانی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت تصدیق کے دوران تقریباً 4 سے 5 فیصد ووٹروں کی درست میپنگ نہیں ہو سکی تھی اور انہیں ’ان میپڈ‘ زمرے میں رکھا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ عمل میں بھی تقریباً 7 سے 8 فیصد ووٹروں کی میپنگ غلط یا مشکوک پائی گئی ہے، جسے کمیشن نے منطقی بے ضابطگی کے طور پر درجہ بند کیا ہے۔مسٹر کمار نے زور دے کر کہا کہ یہ کوئی نیا یا صرف بنگال کے لیے مخصوص مسئلہ نہیں ہے، بلکہ تصدیق کے عمل کا ایک حصہ ہے۔
تاہم، بنگال کے معاملے میں انہوں نے تسلیم کیا کہ شفافیت برقرار رکھنے کے لیے کمیشن کو مائیکرو آبزرور تعینات کرنے جیسے کچھ سخت اقدامات کرنے پڑے۔ کمیشن کے مطابق، اس عمل کے دوران تقریباً 58 لاکھ ایسے اندراجات کی شناخت کی گئی ہے جو یا تو وفات پا چکے ہیں، دوہرے ہیں یا منتقل ہو چکے ووٹر ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ متنازع اندراجات کی جانچ اب سپریم کورٹ کی نگرانی میں عدالتی افسران کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس پر زور دیا کہ ایس آئی آر کی یہ پوری مشق آئینی دفعات کے مطابق اور مکمل طور پر غیر جانبدارانہ ہے، جسے ریاستی حکومت کے ہی بوتھ لیول افسران انجام دے رہے ہیں۔مسٹر کمار سے جب پوچھا گیا کہ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کتنے مرحلوں میں ہوں گے، تو انہوں نے کہا کہ اس کا مکمل انحصار ریاست کی امن و امان کی مشینری کی تیاریوں پر ہوگا۔ انہوں نے ووٹروں کو یقین دلایا کہ اگر انتخابی عمل کے دوران کوئی بھی ملازم غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا، تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.