وزیر غلام ربّانی نے اکادمی کےکاموں کو سراہا اور اکادمی کے کاموں سے مطمئن کا اظہارکیا
اس کتاب میلے سے بچوں اور کتاب شائقین کو کافی فائدہ پہنچا:ندیم الحق
کولکاتہ: مغربی بنگال اردو اکاڈمی کے 18ویں آل انڈیا اردو بک فیئر 2026کا آج شاندار آغاز ہوا ۔ کولکاتا میں اپنی نوعیت کا یہ بک فیئر گیارہ جنوری تک چلے گا۔ بک فیئر کو کامیاب بنانے کےلئے روزانہ رنگا رنگ پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔مغربی بنگال کے مختلف اسکولوں کے طلبا و طالبات کے لئے خصوصی انتظام کیا جا تا ہے۔ اسکول والوںکو مدعو کیا جا تا ہے۔ مغربی بنگال کا یہ تاریخی اردو بک فیئر ہے۔ 18سال سے یہ میلہ چل رہا ہے اور پورے آب و تاب سے چلتا رہتا ہے۔ایک سب سے بڑی بات یہ ہے کہ اس اردو اکاڈمی کی سر پرست اعلیٰ محترمہ ممتا بنرجی ہیں۔آج صبح ساڑھے دس بجے اس میلے کا شاندارافتتاح ہوا۔ اس موقع پرریاستی وزیر محکمہ غیر روایتی اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع حکومت مغربی بنگال جناب محمد غلام ربانی موجود تھے۔ ان ہی کے ہاتھوں اس میلے کا افتتاح ہوا ۔ ان کے علاوہ اس موقع پر ایم پی راجیہ سبھا مغربی بنگال اردو اکاڈمی وائس چیئر مین محمد ندیم الحق بھی موجود تھے اور ان ہی کی صدارت میں افتتاحی تقریب ہوئی۔ ان کے علاوہ او ایس ڈی اور سکریٹری اقلیاتی امورو مدرسہ تعلیم حکومت مغربی بنگال، جی ایچ عبید الرحمن ( آئی اے ایس )بھی موجود تھے۔ چیئر مین فنکشن سب کمیٹی مغربی بنگال ارد و اکاڈمی سید محمد شہاب الدین حیدرکے خیر مقدمی کلمات کے ذریعہ میلے کا افتتاحی تقریب شروع ہوئی۔ چیئر مین ایوارڈ سب کمیٹی ڈاکٹر دبیر احمد نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اشتیاق احمد راجو نے مہمانوں اور وہاں موجود تمام لوگوں کو شکریہ ادا کیا۔ان کے علاوہ اس باوقار افتتاحی تقریب کے موقع پر مغر بی بنگال اردو اکاڈ می کی سکریٹری نزہت زینب بھی موجود تھیں۔ واضح رہے کہ میلے کو کامیاب بنانے کےلئے روزانہ مختلف طرح کے پروگراموں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ آج جو پروگرام میں ان میں نظم خوانی اور غزل خوانی کا مقابلہ کے علاوہ شام کے وقت کتابوں کا اجراءشامل ہے۔ ا س کے علاوہ حسن کاظمی کی صدارت اور جناب دانش جاوید کی نظامت میں قومی مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسی طرح دوسرے روز یعنی بدھ کو جنرل کوئز کے مقابلے کے علاوہ کتابوں کا اجراءکیا جا ئے گا اس کے علاوہ شام موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ جس میں ارشاد حسنین ، جوئتا باسو، سریجنی بنرجی حصہ لیں گے۔ اسی طرح جمعرا ت کو مقابلہ یک بابی ڈرامہ اور کتابوں کے اجراءکے علاوہ خواتین کے مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ جمعہ کو یعنی نو جنوری کو مقابلہ مباحثہ اور کتابوں کے اجراءکے علاوہ ایس ایم راشد کا ڈرامہ کابلی والا پیش کیا جائے گا۔ سنیچر کو ادبی کوئز، کتابوں کا اجراءکے علاوہ نئی نسل کا مشاعرے کا اہتمام کیاگیا ہے۔ اتوار کو اس میلے کا اختتام ہوجائے گا۔ اختتام کے موقع پر عکس تحریر کے مقابلہ اور کتابوں کے اجراءکے علاوہ مرزا غالب ایک زندہ کہانی پیش کیا جائے گی ۔آنندیتا بنرجی اسے پیش کر رہی ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین ندیم الحق نے کہا کہ کس طرح سے ریاستی حکومت وزیر اعلی ممتا بنرجی دست تعاون بڑھاتی رہی ہیں۔سید شہاب الدین حیدر نے اکادمی کے اعلی کارناموں پر اپنی باتیں تفصیل سے رکھیں ۔بعد ازاں اکادمی کی لائبریری کے نئے اسٹال کا افتتاح غلام ربّانی کےہاتھوں کرایا جہاں تمام کتابوں کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر ندیم الحق نے وزیر موصوف کو لائبریری عمارت سے متعلق مزید جانکاری دی اور کہا کہ عمارت میں توسیع کر کے آسنسول اور اسلام پور کی شاخوں میں منتقل کیا گیا ہے۔وزیر غلام ربّانی نے اکادمی کےکاموں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اکادمی کے کاموں سے وہ بے حد مطمئن ہیں۔وہیں ندیم الحق نے مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ کتاب میلہ سے تقریباً 6 لاکھ کی کتابیں اکادمی نے خریدی اور یہ کتابیں اردو اکادمی کے آسنسول اور اسلام پور شاخ میں دی جائے گی۔تاکہ وہاں کے طلبہ و طالبات اس سے فائدہ اٹھا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کتاب میلے سے بچوں اور کتاب شائقین کو کافی فائدہ پہنچا۔اس پروگرام میںبورو 5 کی چیئر پرسن ریحانہ خاتون ،مختار علی ،غزالہ یاسمین ،نسیم عزیزی ،ڈاکٹر اظہار عالم ،شوکت علی ،شمس الصالحین کے علاوہ بڑی تعداد میں شہر کے معزز لوگوں نے شرکت کی ۔
