ہومWest Bengalمیں ہار نہیں مانوں گی!

میں ہار نہیں مانوں گی!

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

کالی گنج بم دھماکے میں جاں بحق ننھی تمنا کی ماں کی آخری امید

انصاف کے لیے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی اپیل

کولکاتہ:کالی گنج کی ننھی تمنا خاتون کو انصاف دلانے کی جدوجہد اب ایک ماں کے عزم میں بدل چکی ہے۔ 23 جون 2025 کو کالی گنج ضمنی انتخاب کے نتائج کے اعلان کے دن بم دھماکے میں جان گنوانے والی 9 سالہ تمنا کی موت کو چھ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن اس کی ماں سبینہ کے مطابق انصاف اب بھی دور ہے۔اسی امید اور کرب کے ساتھ سبینہ نے اب براہِ راست وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ سے لے کر سرکاری وکیل (پی پی) کو تبدیل کرنے کی درخواست کی، لیکن ہر بار انہیں مایوسی ہی ہاتھ لگی۔ اسی لیے اب وہ وزیر اعلیٰ تک اپنی بات پہنچانا چاہتی ہیں، تاکہ ان کے درد کو کوئی سمجھے۔یاد رہے کہ مولندی گاؤں میں پیش آنے والے اس خوفناک بم دھماکے نے پورے بنگال کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔ واقعے کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سوشل میڈیا پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی تھی کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔ پولیس نے بھی تیزی دکھاتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر تین ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔تاہم، تمنا کی ماں سبینہ کا الزام ہے کہ چارج شیٹ میں کل 11 افراد کے نام شامل ہیں، مگر اب تک صرف تین ہی گرفتار ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق اصل مجرم آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔ اسی مایوسی اور ذہنی دباؤ کے عالم میں چند دن پہلے سبینہ نے خودکشی کی کوشش بھی کی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے ایک بار پھر اپنی بیٹی کے لیے انصاف کی آواز بلند کی ہے۔سبینہ کا کہنا ہے،اگر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ایک بار مجھ سے آمنے سامنے بات کریں، تو شاید وہ ایک ماں کا درد سمجھ سکیں۔ میں ہار نہیں مانوں گی،میری بیٹی کو انصاف مل کر رہے گا۔تمنا خاتون قتل کیس ایک بار پھر ریاست میں انصاف، سیاست اور نظام پر سوال کھڑے کر رہا ہے،اور ایک ماں اب بھی اپنی بیٹی کے لیے انصاف کی راہ تک رہی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version