ہومWest Bengalمیں بیر بھوم میں پیدا ہوئی، ورنہ مجھے بھی بنگلہ دیشی کہتے!...

میں بیر بھوم میں پیدا ہوئی، ورنہ مجھے بھی بنگلہ دیشی کہتے! ممتا بنرجی

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

متواگڑھ کے جلسے میں وزیر اعلیٰ کا ایس آئی آر کے عمل اور بنگالی شناخت پر بی جے پی و الیکشن کمیشن پر شدید حملہ

جدید بھارت نیوز سروس
بیر بھوم:متواگڑھ ٹھاکر نگر کے جلسے میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر ایس آئی آر (SIR) کے معاملے پر بی جے پی اور الیکشن کمیشن دونوں کو کھری کھری سنائیں۔ اسمبلی انتخابات میں چند ہی ماہ باقی ہیں اور ایس آئی آر کے عمل نے بنگال کی سیاست میں تلاطم پیدا کر رکھا ہے۔ ایسے ماحول میں ممتا بنرجی کا یہ بیان کہ ’’میری پیدائش بیر بھوم میں ہوئی، ورنہ وہ مجھے بھی بنگلہ دیشی کہہ دیتے‘‘ سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ ملک کے مختلف حصوں میں محض بنگالی بولنے کی بنیاد پر لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ کچھ کو ’’بنگلہ دیشی‘‘ قرار دے کر گرفتار کیا جا رہا ہے، تو کچھ اپنی ملازمت کی جگہوں پر صرف زبان کی وجہ سے تعصب کا شکار ہیں۔ ترنمول کا الزام ہے کہ ایس آئی آر کے نام پر بنگالی بولنے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر ممتا بنرجی نے کہا‌میں بنگلہ دیش کو ملک کی حیثیت سے پسند کرتی ہوں، ہماری زبان ایک ہے۔ جو لوگ بنگالی بولتے ہیں وہ اچانک اپنی زبان کیسے بدل سکتے ہیں؟‘‘انہوں نے واضح پیغام دیا کہ بنگالی زبان کسی شخص کی حب الوطنی کا معیار نہیں ہو سکتی۔وزیر اعلیٰ نے بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی انتخابی مہم خوف اور دھونس کے سہارے چلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا،’ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ میں کسی کو آپ کی طرف انگلی تک نہیں اُٹھانے دوں گی۔‘‘ممتا بنرجی نے یہ بھی اعتراض اٹھایا کہ ایس آئی آر کا صحیح عمل مکمل ہونے میں تین سال لگتے ہیں۔ لیکن الیکشن سے پہلے عجلت میں اسے دو مہینے میں نمٹانے کا دباؤ کیوں ڈالا جا رہا ہے؟انہوں نے کہا ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ایس آئی آر نہیں ہونا چاہیے۔ ہم صرف یہ کہتے ہیں کہ کسی بھی درست ووٹر کا نام نہیں مٹنا چاہیے۔ ترنمول سپریمو نے اس بات پر بھی شدید ناراضی ظاہر کی کہ انتخابات سے قبل بنگال میں طاقت کے زور پر ایس آئی آر کے نام پر ماحول کو خوفزدہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام صاف طور پر بنگالی شناخت کو نشانہ بنانے کے مترادف ہے۔متواگڑھ کے جلسے میں ممتا بنرجی کی تقریر کے بعد سیاسی منظرنامہ مزید گرم ہوتا نظر آ رہا ہے۔ آنے والے انتخابی مہینوں میں یہ مسئلہ بنگال کی سیاست میں مرکزی کردار ادا کر سکتا ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version