جب تک میں ہوں… وقف کی ایک اینٹ بھی کوئی نہیں ہلا سکتا!
ایس آئی آر پر عوام کو پختہ بھروسہ دلایا
جدید بھارت نیوز سروس
مالدہ:4دسمبر:وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مالدہ کی عظیم الشان میٹنگ میں اقلیتی برادری کو مضبوط پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ترمیم شدہ وقف ایکٹ ریاست نے نہیں بلکہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے بنایا ہے، ریاست اس قانون کے خلاف ہے، اسمبلی میں قرارداد پاس کی جا چکی ہے اور سپریم کورٹ میں بھی مقدمہ دائر ہے جو ابھی چل رہا ہے۔
ممتا نے صاف کر دیا کہ جب تک وہ یہاں ہیں کسی کو بھی وقف املاک پر ہاتھ ڈالنے نہیں دیں گی، انہوں نے لوگوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مذہب کی سیاست کر رہی ہے لیکن وہ اس کی اجازت ہرگز نہیں دیں گی، نئے وقف قانون کے مطابق اب کسی جائیداد کو وقف قرار دینے کا فیصلہ صرف وقف بورڈ کے پاس نہیں بلکہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یا اس رینک کے افسر کے پاس بھی ہوگا۔
یہی وجہ ہے کہ ملک کے کئی حصوں میں احتجاج بھڑک اٹھا ہے اور مرشد آباد سمیت بنگال کے مختلف مقامات پر بھی شدید ناراضی دیکھی گئی ہے، مالدہ کی میٹنگ میں ممتا بنرجی نے ایس آئی آر کے مسئلے پر بھی عوام کے خدشات دور کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، بی جے پی اس کے ذریعے خوف پیدا کرنا چاہتی ہے لیکن وہ عوام کے ساتھ کھڑی ہیں، ممتا نے کہا کہ وہ ووٹ مانگنے نہیں آئی ہیں بلکہ لوگوں کی پریشانیاں دور کرنے آئی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ “پرسکون رہیں، کوئی خوفزدہ نہیں ہوگا، میں عوام کی محافظ ہوں” اور بی جے پی پر سخت وار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ایس آئی آر پاس کر کے اپنی قبر خود کھودی ہے، آخر میں انہوں نے پھر دوہرایا کہ وہ نہ مذہب کے نام پر سیاست ہونے دیں گی اور نہ کسی کو وقف املاک پر قبضہ کرنے یا انہیں چھیڑنے دیں گی، عوام کو مکمل بھروسہ رکھنا چاہیے۔
