ریکارڈ بھیڑ کی تیاریوں میں حکومت مصروف
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ: مکر سنکرانتی سے قبل ہونے والے گنگا ساگر میلے کے لیے ریاستی حکومت نے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ چیف سکریٹری منوج پنت نے نوانا میں اعلیٰ سطحی میٹنگ کر کے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ اس بار انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ میٹنگ میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پنچایت، ٹرانسپورٹ، بجلی اور تعمیرات عامہ کے محکموں کے سینئر افسران موجود تھے۔ چیف سکریٹری نے واضح طور پر کہا کہ مدی گنگا کے کم گہرے حصوں کی ڈریجنگ میلے سے کم از کم ایک ماہ قبل مکمل کر لی جائے تاکہ یاتریوں کی نقل و حرکت میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ اس سال انتظامیہ کو ریکارڈ بھیڑ کی توقع ہے کیونکہ 2025 میں ملک میں مہا کمبھ نہیں ہو رہا ہے، اس لیے مختلف ریاستوں سے لاکھوں عقیدت مند گنگا ساگر پہنچ سکتے ہیں۔ رات میں دریا پار کرنے کے دوران مرئیت بہتر بنانے اور بھیڑ پر قابو پانے کے لیے تقریباً 600 فوگ لائٹس اور لیزر لائٹس نصب کرنے کی تیاری کی گئی ہے جبکہ اہم مقامات پر ایئرپورٹ طرز کی موونگ لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔ صحت اور تحفظ کے محاذ پر بھی سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں جن کے تحت پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے، تمام عارضی کیمپوں میں آگ سے بچاؤ کے مکمل انتظامات کرنے، واٹر اور ایئر ایمبولینس فراہم رکھنے، نزدیکی اسپتالوں میں اضافی بیڈ اور میڈیکل ٹیمیں تیار رکھنے، اور میلے کے احاطے میں وسیع طبی کیمپ اور عارضی بستر قائم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی یاتریوں کے لیے بسوں کی مناسب دستیابی یقینی بنانے کو کہا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی میلے کے آغاز سے قبل مقام کا خود معائنہ کریں گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس بار گنگا ساگر میلہ پہلے سے زیادہ منظم، محفوظ اور تکنیکی سہولتوں سے لیس ہوگا تاکہ عقیدت مند بلا کسی خلل اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔
