بنگال میں پھر بنے گی ماں-ماٹی-مانُس کی حکومت
جدید بھارت نیوز سروس
کوچ بہار:ریاست میں اسمبلی انتخابات کی گھنٹیاں بجنے لگی ہیں۔ اگلے دو مہینوں میں ووٹنگ کے آغاز کے قوی امکانات کے درمیان سیاسی پارہ عروج پر ہے۔ ایسے میں ترنمول کانگریس نے اپنی انتخابی مہم کو پوری شدت کے ساتھ میدان میں اتار دیا ہے، جسے پارٹی نے نعرہ دیا ہے “جتنے بھی حملے ہوں، اب کی بار جیتے گا بنگلہ۔اسی مہم کے تحت ترنمول کے آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی ریاست بھر میں انتخابی دورہ کر رہے ہیں۔ منگل کو کوچ بہار میں منعقدہ “رن سنکلپ سبھا” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پورے اعتماد کے ساتھ اعلان کیا کہ”بنگال میں چوتھی بار بھی ماں-ماٹی-مانوش کی حکومت بنے گی اور ممتا بنرجی ایک بار پھر وزیر اعلیٰ ہوں گی۔ابھیشیک نے کہا کہ اس بار مقصد صرف جیتنا نہیں، بلکہ پچھلی تین بار کے مقابلے کہیں زیادہ ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کوچ بہار ضلع میں تمام نو نشستوں پر جیت (9-0) کا ہدف مقرر کرتے ہوئے بی جے پی کو کھلا چیلنج دیا۔بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے ابھیشیک نے کہا”ای ڈی بھیج کر ترنمول کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر آخر میں قابو بی جے پی ہی ہو جائے گی۔ جن لوگوں کو ایس آئی آر کے نوٹس ملے ہیں، ان کے نام ووٹر لسٹ میں برقرار رکھنا ترنمول کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ جو لوگ لائنوں میں کھڑے ہو کر ہراساں کیے جا رہے ہیں، وہ بی جے پی کو ایک بھی ووٹ نہ دیں۔انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ بنگال کے عوام کو بی جے پی کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ وہ اب بھی ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس پر ہی بھروسہ رکھتے ہیں۔ چوتھی بار بھی ممتا ہی وزیر اعلیٰ ہوں گی اور چوتھی بار بھی بنگال میں ماں-ماٹی-مانش کی حکومت قائم ہوگی یہ پیغام لے کر ابھیشیک نے کوچ بہار سے ترنمول کی انتخابی للکار کو اور بلند کر دیا۔
