کولکاتا :ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے ہگلی ضلع کے آرام باغ اور کھٹال تنظیمی لیڈروں کے ساتھ دو الگ الگ میٹنگیں کیں۔ دونوں اجلاسوں میں پارٹی کے ریاستی صدر سبرت بخشی بھی موجود تھے۔آرام باغ کی میٹنگ میں ایم پی میتالی بیگ، ضلع صدر رامیندو سنگھ رائے، یوتھ صدر پلاش رائے اور خواتین صدر کربی مننا سمیت دیگر اہم عہدیداران شریک ہوئے۔ اس دوران تنظیم کو مضبوط کرنے، عوامی رابطہ بڑھانے اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر بی جے پی کے خلاف جارحانہ حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا گیا ابھیشیک بنرجی نے لیڈروں کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ “پارٹی کے اندرونی اختلافات کو ختم کر کے متحد ہو کر ہی بی جے پی کا مقابلہ ممکن ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ اگر تنظیم میں کوئی تبدیلی کی جاتی ہے تو سب کو اسے قبول کرنا ہوگا اور ٹیم اسپرٹ کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی ترقیاتی اسکیموں کو عوام تک پہنچانے اور زمینی سطح پر ‘آمادیر پاڑا، آمادیر سمادھن جیسی اسکیموں کو زیادہ مؤثر انداز میں نافذ کرنے پر زور دیا گیا۔ ساتھ ہی بی جے پی کے زیرِ اقتدار ریاستوں میں بنگالی تارکینِ وطن مزدوروں کے ساتھ مبینہ ہراسانی کے معاملات پر عوامی بیداری اور احتجاج کی اپیل بھی کی گئی۔ابھیشیک نے آرام باغ، خانکول اور پرشودا جیسے علاقوں کو خاص اہمیت دینے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ 2026 کے اسمبلی انتخابات میں تمام چھ سیٹوں کو بھاری اکثریت سے جیتنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ان میٹنگوں میں عوامی رابطے کو براہِ راست بڑھانے، ترقیاتی اسکیموں سے متعلق آگاہی پھیلانے اور تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔
گروہ بندی ختم کریں، بی جے پی سے ڈٹ کر مقابلہ کریں: ابھیشیک بنرجی
مقالات ذات صلة
