ہومWest Bengalطوفان ’مانتھا‘ کا زور ٹوٹا،مگر اثر ابھی بھی ہے باقی

طوفان ’مانتھا‘ کا زور ٹوٹا،مگر اثر ابھی بھی ہے باقی

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

آندھرا کے بعد بنگال میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی، شمالی اضلاع میں ریڈ الرٹ

کولکاتہ: شدید سمندری طوفان ’مانتھا‘ (Mantha) منگل کی رات آندھرا پردیش کے کانکیناڑا ساحل سے ٹکرا کر سرزمین میں داخل ہوا۔ طوفان کے زمین سے ٹکرانے کے بعد اس کی رفتار اور شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ مرکزی محکمۂ موسمیات کے مطابق، ’’مانتھا‘‘ اب ایک عام طوفان میں تبدیل ہو چکا ہے اور اگلے 12 گھنٹوں میں ’ڈیپ ڈپریشن‘ (انتہائی گہری ہوا کا دباؤ) میں بدلنے کا امکان ہے۔محکمہ نے واضح کیا کہ اگرچہ طوفان اب کمزور پڑ گیا ہے، لیکن اس کے بالواسطہ اثرات مغربی بنگال، اڈیشہ اور جھارکھنڈ کے کئی حصوں میں بارش اور گرج چمک کی شکل میں ظاہر ہوں گے۔آج بدھ کی صبح کولکاتہ میں ہلکی بارش اور ابر آلود آسمان کے ساتھ دن کا آغاز ہوا۔ علی پور موسمیاتی مرکز کے مطابق، شہر میں دن بھر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 31 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔صبح کا کم از کم درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 4.4 ڈگری زیادہ ہے۔منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.9 ڈگری رہا، جو معمول سے دو ڈگری زیادہ تھا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کولکاتہ میں 0.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، تاہم ساحلی علاقوں میں بارش کا زور زیادہ رہا۔کنتھی میں سب سے زیادہ یعنی 84 ملی میٹر بارش ہوئی۔ دیگھا میں 59.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شمالی بنگال کے اضلاع دارجلنگ، جلپائی گوڑی، علی پوردوار اور کوچبہار —میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھاری سے بہت بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ درخت گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات کو دیکھتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ریاستی حکومت نے بھی احتیاطی اقدامات کے طور پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے۔فشریز ڈپارٹمنٹ نے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی سخت ہدایت دی ہے، جبکہ ساحلی اضلاع میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، ’’مانتھا‘‘ اگرچہ اب خطرناک نہیں رہا، لیکن اس کے باقی ماندہ اثرات سے شہری زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔نچلے علاقوں میں پانی جمع ہونے، بجلی کی سپلائی میں رخنہ اور ٹریفک جام کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔موسم کی ماہرین کا کہنا ہے”طوفان کا اثر ختم ہونے کے باوجود، نمی کے دباؤ کی وجہ سے اگلے دو دن بنگال اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version