چندن نگر میں جگدھاتری پوجا کا 75 فٹ اونچا پنڈال زمین بوس
جدید بھارت نیوز سروس
ہگلی:چندن نگر میں شام اچانک آئے تیز طوفان نے تباہی مچا دی۔ زوردار ہواؤں اور بارش کے دوران کنہیا لال پلی علاقے میں جگدھاتری پوجا کا تقریباً 75 فٹ اونچا پنڈال لمحوں میں زمین پر آ گرا۔ اس افسوسناک حادثے میں 14 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ شدید زخمی کو فوری طور پر کولکاتہ ریفر کیا گیا، جب کہ باقی زخمیوں کا علاج چندن نگر سب ڈویژنل اسپتال میں جاری ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق یہ پنڈال عقیدت مندوں اور تماشائیوں کو متوجہ کرنے کے لیے شاندار انداز میں تیار کیا گیا تھا، جس کے سامنے فائبر گلاس سے بنی بڑی جگدھاتری مورتی نصب تھی۔ لیکن تیز ہواؤں کے دباؤ کے باعث پنڈال کا توازن بگڑ گیا اور چند سیکنڈ میں ہی ڈھانچہ دھڑام سے گر گیا۔ اس وقت اندر درجنوں لوگ موجود تھے جن میں کچھ جیوری ممبران بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔زخمیوں میں بمل جیسوال، تنمے دیبناتھ، سبیندو بنرجی، مومیتا بنرجی، لکھا گھوش، سبھاشیش باسو، ارون کمار داس، جیوتسنا فکیرا، امیتابھ گھوش، مدھومیتا گھوش، سریشتی گھوش، کلیان شیل، شبھ نائک اور ادے شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی چندن نگر پولس کمشنر امیت پی جاولگی، ڈی سی پی الکنندا بھوال، ڈی سی پی ہیڈ کوارٹر اشانی پال، اے سی پی سبیندو بنرجی سمیت اعلیٰ پولیس و انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے۔ وزیر اندرنیل سین، میئر رام چکرورتی، اور ڈپٹی میئر منا اگروال نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور زخمیوں سے ملاقات کی۔
اس دوران سنٹرل جگدھاتری پوجا کمیٹی کے جنرل سکریٹری سبھاجیت سو، صدر شیامل کمار گھوش، نیمائی چندر داس اور مانس داس سمیت دیگر عہدیدار بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور متاثرین کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔پولیس کمشنر جاولگی کے مطابق، “شام کے وقت اچانک تیز ہوا کے جھونکوں نے پورا ڈھانچہ ہلا کر رکھ دیا، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال بھیجا گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ انتظامیہ نے پورے مقام کو سیل کر کے پنڈال کے باقی حصے کو احتیاطاً منہدم کر دیا ہے تاکہ مزید کوئی حادثہ نہ ہو۔
