ہومWest Bengalچیترا سیل بن گئی ووٹر لسٹ!27 لاکھ نام خارج

چیترا سیل بن گئی ووٹر لسٹ!27 لاکھ نام خارج

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

ممتا بنرجی کا کمیشن اور بی جے پی پر ووٹ چھیننے کا سنگین الزام

کولکاتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر قائم کیے گئے اپیلٹ ٹریبیونلز کے طریقۂ کار پر سخت اعتراضات اٹھاتے ہوئے الیکشن کمیشن اور بی جے پی پر شدید سیاسی حملہ کیا ہے۔ ووٹر لسٹ سے نام خارج کیے جانے کے معاملے پر برہم وزیر اعلیٰ نے انتخابی عمل کو جمہوری حق پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر لوگوں کو ووٹ ڈالنے کا حق ہی نہ ملے تو پھر ٹریبیونل قائم کرنے کا کیا مطلب رہ جاتا ہے۔ممتا بنرجی نے اس پورے عمل کو طنزیہ انداز میںچیترا سیل سے تشبیہ دی اور کہا کہ جس طرح سیل میں چیزیں اٹھا کر الگ کر دی جاتی ہیں، اسی طرح ووٹر لسٹ سے لاکھوں لوگوں کے نام بے دردی سے حذف کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، اگر لوگ ووٹ ہی نہیں دے پائیں گے تو ٹریبیونل کی کیا ضرورت ہے؟ آپ نے ٹریبیونل کیوں بنائے تھے؟ لسٹ فریز کرنے کا کیا مطلب ہے؟ ان کے اس بیان نے انتخابی ماحول کو مزید گرم کر دیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ زیرِ غور فہرست سے 27 لاکھ سے زائد نام خارج کر کے عام شہریوں کے آئینی حقوق سلب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق، یہ صرف ایک انتظامی کارروائی نہیں بلکہ ایک منظم سیاسی عمل ہے، جس کا مقصد مخصوص طبقات اور عام ووٹروں کو انتخابی عمل سے باہر کرنا ہے۔ ممتا نے دعویٰ کیا کہ اگر انہوں نے عدالت کا دروازہ نہ کھٹکھٹایا ہوتا تو لاکھوں لوگ ووٹنگ کے حق سے محروم ہو جاتے۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہامیں نے عدالت میں لڑائی لڑی، تب جا کر 32 لاکھ نام واپس آئے۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم دوبارہ قانونی جنگ لڑیں گے، تاکہ ہر ایک کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہو اور کسی کا جمہوری حق نہ چھینا جا سکے۔ممتا بنرجی نے اس سارے معاملے کو بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی مشترکہ منصوبہ بندی قرار دیتے ہوئے انتہائی سخت زبان استعمال کی۔ انہوں نے کہا، “یہ لوگ ملک کو چیترا سیل بنا رہے ہیں۔ بی جے پی کاوینش واشنگ کمیشن اور اس کے کچھ دلال مل کر عوام کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔سیاسی مبصرین کے مطابق، ووٹر لسٹ اور اپیلٹ ٹریبیونلز کا یہ معاملہ اب صرف ایک انتظامی تنازعہ نہیں رہا، بلکہ یہ براہِ راست جمہوریت، ووٹر کے حق اور انتخابی شفافیت سے جڑ گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ممتا بنرجی اسے عوامی سطح پر ایک بڑے سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں، جبکہ اپوزیشن کی طرف سے اس پر تند و تیز ردعمل آنا بھی تقریباً یقینی سمجھا جا رہا ہے۔اس وقت بنگال کی سیاست میں یہ سوال سب سے اہم بنتا جا رہا ہے کہ آیا ووٹر لسٹ کی یہ کارروائیاں واقعی قواعد کے مطابق ہو رہی ہیں، یا پھر جیسا کہ ترنمول دعویٰ کر رہی ہے، اس کے پیچھے کوئی بڑی سیاسی حکمت عملی کام کر رہی ہے۔ ایک بات طے ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹریبیونل، ووٹر لسٹ اور حقِ رائے دہی کا یہ مسئلہ انتخابی مہم کا ایک بڑا مرکزی موضوع بننے جا رہا ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.