ابھیشیک بنرجی کا الیکشن کمیشن کو چیلنج
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ: مغربی بنگال کی سیاست میں اس وقت زلزلہ آگیا جب ترنمول کانگریس نے انتخابی فہرستوں میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کے خلاف احتجاج کا بگل بجا دیا۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 6 مارچ کو کولکاتہ کے مشہور مقام دھرمتلا میں میٹرو چینل پر دھرنے پر بیٹھیں گی۔ اس احتجاج کا بنیادی مقصد ایس آئی آر (SIR) کی حتمی فہرست سے تقریباً 64 لاکھ ناموں کے مبینہ اخراج کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔اتوار کو ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں ناموں کا اخراج کوئی اتفاق نہیں بلکہ ایک طے شدہ سیاسی سازش ہے تاکہ ریاست میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا جا سکے اور جمہوری عمل پر اثر انداز ہوا جا سکے۔ ابھیشیک بنرجی نے چیف الیکشن کمشنر کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے چیلنج کیا کہ “زیادہ ہوشیار بننے کی ضرورت نہیں ہے، میں آپ کو چیلنج کرتا ہوں کہ میرے خلاف مقدمہ درج کریں، پھر میں عدالت میں آپ کو اور اس سازش کے پیچھے چھپے چہروں کو بے نقاب کروں گا۔”ترنمول کانگریس کا موقف ہے کہ یہ عمل گزشتہ سال اکتوبر سے شروع ہوا تھا اور ممتا بنرجی نے اس وقت بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ بی جے پی کے دباؤ میں آکر جائز ووٹروں کے نام نکالے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل 4 نومبر کو بھی جنوبی کولکاتہ میں ایک بڑا احتجاجی جلوس نکالا گیا تھا اور پارٹی کی ایک وفد نے دہلی جا کر الیکشن کمیشن سے ملاقات بھی کی تھی۔ ابھیشیک بنرجی نے انکشاف کیا کہ جن افراد کے نام نکالے گئے ہیں، وہ آئندہ چھ ماہ میں قانونی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور متاثرہ شہریوں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر فارم 6 جمع کرائیں تاکہ ان کے نام دوبارہ فہرست میں شامل کیے جا سکیں۔ترنمول کانگریس نے واضح کر دیا ہے کہ 6 مارچ کا دھرنا صرف ایک شروعات ہے۔ اگر الیکشن کمیشن نے ان بے ضابطگیوں کو دور نہ کیا تو ریاست کے ہر ضلع اور بلاک کی سطح پر ایک بڑی تحریک شروع کی جائے گی۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ یہ بنگال کے عوام کے جمہوری حقوق پر حملہ ہے اور وہ اسے کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق، ممتا بنرجی کا دھرنے پر بیٹھنا ریاست میں ایک نئے سیاسی تصادم کی نشاندہی کر رہا ہے جو آنے والے انتخابات تک مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
