ہر مرحلے میں 2500 کمپنی مرکزی فورسز کی تعیناتی کا اعلان
کولکاتہ: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2026 کو آزادانہ اور پرامن بنانے کے لیےالیکشن کمیشن نے غیر معمولی اور سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ کمیشن کے مطابق ریاست میں دو مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کے دوران ہر مرحلے میں تقریباً 2500 کمپنی مرکزی فورسز تعینات کی جائیں گی، جو اب تک کا ایک بے مثال فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق اس تعیناتی کے تحت ہر مرحلے میں لگ بھگ 2.5 لاکھ سیکورٹی اہلکار مختلف علاقوں میں تعینات ہوں گے، تاکہ ووٹنگ کے دوران کسی بھی قسم کی بدامنی، تشدد یا بوتھ پر قبضے کو روکا جا سکے۔ کمیشن نے واضح کر دیا ہے کہ اس بار کسی بھی طرح کی گڑبڑی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔کمیشن نے ریاستی پولیس کے اعلیٰ حکام، جن میں ڈی جی پی اور کولکاتہ پولیس کمشنر شامل ہیں، کے ساتھ میٹنگ کر کے حساس بوتھوں، تعیناتی کے علاقوں اور سیکورٹی کے مکمل خاکے پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔ ضلع وار رپورٹ کے بعد فورسز کی حتمی تعیناتی کو شکل دی جائے گی۔خاص بات یہ ہے کہ اس بار مرکزی فورسز کا کردار صرف پولنگ اسٹیشن تک محدود نہیں رہے گا۔ اگر پولنگ بوتھ کے باہر ووٹروں کو ڈرانے دھمکانے، روکنے یا دباؤ ڈالنے کی شکایات موصول ہوتی ہیں تو کمیشن دوبارہ ووٹنگ کرانے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔ اس کے علاوہ اگر کسی علاقے میں تشدد یا لوٹ مار کی اطلاع ملتی ہے تو مرکزی فورسز فوری مداخلت کر سکیں گی۔کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ مرکزی فورسز ریاست کے مختلف حساس علاقوں، بشمول کولکاتہ، میں روٹ مارچ کریں گی تاکہ عوام میں اعتماد پیدا کیا جا سکے۔ لال بازار ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 30 کمپنی مرکزی فورسز کولکاتہ پہنچ چکی ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں گشت شروع کر دیا گیا ہے۔پولیس کی جانب سے پہلے ہی کولکاتہ کا تفصیلی روٹ میپ تیار کر کے مرکزی فورسز کو سونپ دیا گیا ہے، جس کے تحت خاص طور پر حساس اورمسئلہ زدہ علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اسی طرز پر ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی جلد روٹ مارچ شروع کیے جائیں گے۔کمیشن کے ان سخت اور غیر معمولی اقدامات سے واضح اشارہ ملا ہے کہ اس بار انتخابات کو ہر قیمت پر شفاف اور پرامن بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔
