ہومWest Bengalیووا بھارتی واقعہ پر بڑا ایکشن: وزیر کھیل کا استعفیٰ منظور

یووا بھارتی واقعہ پر بڑا ایکشن: وزیر کھیل کا استعفیٰ منظور

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

، ڈی جی سمیت اعلیٰ افسران کو نوٹس، ایس آئی ٹی تشکیل

کولکاتہ:ریاستی حکومت نے یووا بھارتی اسپورٹس ایرینا میں پیش آئے واقعے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر وزیر کھیل اروپ بسواس کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے تک انہیں عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ محکمہ کھیل کا چارج خود وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سنبھالیں گی۔
ترنمول کانگریس کے رہنما کنال گھوش کے مطابق وزیر اعلیٰ نے شفاف اور غیرجانبدارانہ جانچ کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ لیا۔ اگرچہ تاحال سرکاری طور پر مکمل اعلامیہ جاری نہیں ہوا، تاہم انتظامی سطح پر کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں ریاستی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل راجیو کمار کو سب سے پہلے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بدھان نگر کے پولیس کمشنر مکیش کمار اور یوتھ ویلفیئر اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری راجیش کمار سنہا کو بھی وجہ بتاؤ نوٹس تھمایا گیا ہے۔نوانو سے جاری پریس ریلیز کے مطابق واقعے کے دن انتظامی لاپرواہی کے الزام میں بدھان نگر کے ڈی سی پی انیش سرکار کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک انہیں معطل کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی یووا بھارتی اسپورٹس ایرینا کے سی ای او دیو کمار نندن کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر پورے معاملے کی جامع جانچ کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔ اس ٹیم میں چار سینئر آئی پی ایس افسران پیوش پانڈے، جاوید شمیم، سپرتیم سرکار اور مرلی دھرشامل ہیں۔ ایس آئی ٹی انتظامی تال میل، سیکورٹی انتظامات اور ڈیوٹی میں کوتاہی کے پہلوؤں کی باریک بینی سے جانچ کرے گی اور اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔ریاستی حکومت نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات کی پیشرفت اور نتائج کی بنیاد پر مزید سخت اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اروپ بسواس کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے انہیں وزیر کھیل کے عہدے سے فارغ کیا ہے تاکہ تحقیقات مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دی جا سکیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version