ہومWest Bengalبیرک پور کینٹ کی ڈھائی سو سالہ تقریبات: تاریخ اور ورثے کو...

بیرک پور کینٹ کی ڈھائی سو سالہ تقریبات: تاریخ اور ورثے کو شاندار خراجِ تحسین

Facebook Messenger Twitter WhatsApp
کولکاتہ، 14 نومبر (یو این آئی)1772 میں ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرف سے قائم کیے گئےملک کے قدیم ترین بیرک پور کینٹ نے اپنے 250 سال مکمل کرلیے ہیں۔ اس موقع پر تاریخی ورثہ اور اجتماعی جذبے سے سرشار ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔یہ عظیم الشان افتتاحی پروگرام گزشتہ روز نیتاجی سبھاش چندر بوس (سینک) آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا، جس میں اعلیٰ دفاعی حکام، اسکولی طلبہ، اساتذہ اور اس تاریخی چھاؤنی کے رہائشی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔اس تقریب میں پرنسپل ڈائریکٹر ڈیفنس اسٹیٹس ایسٹرن کمانڈ سورَو رائے، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیفنس اسٹیٹس ایس۔ پربھاکرن، ڈی ای او کولکاتا سرکل جسپال سنگھ اور بیرک پور کینٹونمنٹ بورڈ کی سی ای او جیوتی کپور نے شرکت کی۔اس موقع پر جیوتی کپور نے آئندہ مہینوں کے لیے بورڈ کے منصوبوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’’ہمیں فخر ہے کہ ہم نے بیرک پور کینٹ کی 250 ویں سالگرہ احترام اور وقار کے ساتھ منائی ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ’’ایک طویل پروگرام کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس میں اس چھاؤنی کے مختلف اسکولوں کے طلبہ شرکت کریں گے۔ گیمز اور کھیلوں کے ساتھ ساتھ، ہم تاریخی ورثے اور تاریخ پر توجہ مرکوز کریں گے اور طلبہ تاریخی واقعات اور تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا، “یہ تقریبات مختلف مراحل میں جاری رہیں گی اور ہم سب کو دعوت دیتے ہیں کہ اس فخریہ سفرِ کا حصہ بنیں۔”کولکاتہ کے شمالی مضافات میں واقع بیرک پور کینٹ نوآبادیاتی عہد میں دو بڑی بغاوتوں کا مرکز رہاہے۔1824 میں سپاہی بندی تیوری کی قیادت میں برما بھیجے جانے کے خلاف غم و غصے نے پہلی بغاوت کو جنم دیا، جبکہ 1857 میں منگل پانڈے کی بغاوت نےملک بھر میں بغاوت کی چنگاری کو ہوا دی، جسے برطانوی راج کے خلاف پہلی بڑی مسلح بغاوت مانا جاتا ہے۔کینٹ کے ماضی کی یہ یادیں آج بھی موجود ہیں۔ ایک سینئر فوجی افسر کا کہنا ہے کہ ’’بندی بابا مندر وہ مقام ہے جہاں ریس کورس اسٹیشن روڈ پر بندی تیوری کو پھانسی دی گئی تھی، جب کہ منگل پانڈے کو 8 اپریل 1857 کو پریڈ گراؤنڈ میں سزائے موت دی گئی۔‘‘نوآبادیاتی دور کے ریکارڈ بتاتے ہیں کہ انگریز بیرک پور کو اکثر ’لٹل انگلینڈ‘ کہا کرتے تھے۔ 1775 میں قائم ہونے والی کینٹونمنٹ اتھارٹی نے علاقے کو چار حصوں میں تقسیم کیا تھا: بنگلہ زون، ملٹری بیرکس و پریڈ گراؤنڈ، صدر بازار اور آرڈلی بازار۔آج بھی ایسٹ انڈیا کمپنی کے دور کی کئی تاریخی عمارتیں موجود ہیں، جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ کا موجودہ دفتر ایس این بنرجی روڈ پر واقع ہے۔

کینٹ میں قائم نمایاں انگریزی میڈیم اسکولوں کے طلبہ نے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے جن میں رابندر سنگیت، کلاسیکی و لوک رقص، حب الوطنی کے نغمے اور مختلف ریاستوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے والے اسٹیج پرفارمنس شامل تھی۔’آپریشن سندور‘ کے عنوان سے پیش کیا جانے والا ڈانس ڈرامہ تقریب کی خاص پیشکش تھی، جسے سورَو رائے نے خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا، ’’بیرک پور چھاؤنی ان 61 چھاؤنیوں میں شامل ہے جنہیں ڈائریکٹوریٹ جنرل ڈیفنس اسٹیٹس کے زیرِ انتظام چلایا جاتا ہے۔‘‘ مسٹر رائے نے کینٹ کی تاریخی خدمات کی ستائش کی۔حکام نے اس بات پر زور دیا کہ آزادی کے بعد بھی بیرک پور ایک اہم فوجی مرکز رہاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سو سالہ تقریب میں نہ صرف اس کی تاریخ کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا بلکہ نئی نسل خصوصاً طلبہ کو اُن واقعات سے جوڑا جائے گا جنہوں نے ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر حاضرین کے جذبے سے یہ عیاں تھا کہ بیرک پور کینٹ کی 250 سالہ داستان ایک ایسی زندہ وراثت ہے جسے آج بھی پروان چڑھایا جارہا ہے۔ اس کی یاد آج بھی تازہ ہے اور یہ دوسروں کو ترغیب دے رہی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version