فرانسیسی وفد کی جانب سے وزیر اعلیٰ کی بھرپور حمایت
جدید بھارت نیوز سروس
ہگلی 14/ فروری: آج سیرام پور شہر میں فرانس سے آئے ہوئے 40 رکنی وفد نے تاریخی اہمیت کے حامل ڈینش (ڈنمارک) دور کی یادگاروں اور تعمیراتی ورثے کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد تاریخی ورثے کا معائنہ کرنا، اس کی حفاظت کے اقدامات کو سراہنا اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا تھا۔فرانسیسی وفد نے سیرام پور میں موجود ڈینش دور کی عمارتوں اور یادگاروں کی مرمت اور بحالی کے کاموں کو بے حد سراہا۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ ان تاریخی عمارتوں کو نہایت خوبصورت اور پیشہ ورانہ انداز میں محفوظ کیا گیا ہے، جو ورثے کی حفاظت کے حوالے سے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔وفد نے اس موقع پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت میں حکومت کی جانب سے کیے گئے ترقیاتی اور ثقافتی تحفظ کے اقدامات کی بھی بھرپور تعریف کی۔ فرانسیسی نمائندوں نے ممتا حکومت کے کاموں کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ ممتا بنرجی کی قیادت میں چوتھی بار بھی حکومت قائم ہو اور ریاست ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے۔ ساتھ ہی وفد نے ممتا بنرجی کو چوتھی مرتبہ وزیر اعلیٰ بننے کے لیے اپنی جانب سے پیشگی مبارکباد بھی پیش کی۔اس موقع پر رشڑا میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 4 کے کونسلر محمد شاکر علی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس معزز فرانسیسی وفد کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کا موقع ملا، جو ان کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے بین الاقوامی دورے سیرام پور کے تاریخی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔یہ دورہ سیرام پور کے تاریخی تشخص کو اجاگر کرنے اور بین الاقوامی سطح پر ثقافتی ہم آہنگی اور دوستی کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
