امن و امان کے جائزے کے لیے پولیس اور نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ اہم اجلاس
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ: ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن امن و امان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ اسی مقصد کے تحت ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کی جانب سے پولیس انتظامیہ اور مختلف نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق یہ اجلاس جمعرات اور جمعہ کو دو مراحل میں ہوگا جس میں انتخابی تیاریوں اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔اطلاع کے مطابق جمعرات کو صبح ساڑھے دس بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک پہلی میٹنگ منعقد ہوئی، جبکہ دوسری میٹنگ جمعہ کو شام ساڑھے چار بجے سے ساڑھے چھ بجے تک جاری رہے گی۔ اس دوران چیف الیکٹورل آفیسر کا دفتر ریاست کی تقریباً 25 نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ ایک ورچوئل کانفرنس بھی منعقد کرے گا جس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔اجلاس میں ڈی ای سی، ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت دیگر سینئر افسران موجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ ریزرو بینک آف انڈیا اور اسٹیٹ لیول بینکرس کمیٹی کے نمائندوں کو بھی کمیشن کی ہدایت پر اجلاس میں شرکت کے لیے بلایا گیا ہے۔
دوسری جانب میڈیا نمائندوں کے لیے بھی خصوصی تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا تاکہ انتخابی عمل سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ اس پروگرام میں ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر منوج کمار اگروال کے علاوہ ایڈیشنل سی ای او، جوائنٹ سی ای او، ڈپٹی سی ای او اور خصوصی رول آبزرور سبرت گپتا بھی موجود تھے۔ اس تربیت میں اے ایس پی، ڈی ایس پی اور جوائنٹ سی پی رینک کے افسران نے شرکت کی۔تربیتی پروگرام کے دوران انتخابات سے قبل مختلف حساس معاملات سے نمٹنے کے طریقوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مرکزی فورس کی گاڑیوں میں کیمروں کی تنصیب، بوتھوں پر ویب کاسٹنگ، حساس علاقوں میں گشت، غیر ضمانتی وارنٹ کی کارروائی، شرپسند عناصر کی پیشگی شناخت اور حساس و انتہائی حساس پولنگ بوتھوں کی نشاندہی جیسے موضوعات پر افسران کو ہدایات دی گئیں۔اس موقع پر ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر منوج کمار اگروال نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق منعقد کیا جا رہا ہے اور اس کا مقصد ریاستی پولیس اور مرکزی فورسز کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنا ہے تاکہ انتخابات کو پرامن اور شفاف طریقے سے منعقد کیا جا سکے۔
