مدھیہ پردیش و راجستھان میں اموات کے بعد 150 برانڈز لیب بھیجے گئے، دوا ساز کمپنیوں کو انتباہ
کولکاتہ:مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بچوں کی کھانسی کے سیرپ پینے کے بعد اموات کے واقعات کے بعد مغربی بنگال حکومت حرکت میں آ گئی ہے۔ ریاستی محکمہ صحت نے بچوں کے کھانسی سیرپ کے حوالے سے سخت ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ریاست بھر میں خصوصی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔محکمہ نے ادویات بنانے والے کارخانوں، ڈسٹر یبیوٹرز، اور میڈیکل اسٹور مالکان کو انتباہ دیا ہے کہ وہ سیرپ کی تیاری اور فروخت میں مکمل احتیاط برتیں۔ تقریباً 150 کھانسی سیرپ برانڈز کے نمونے جانچ کے لیے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں تاکہ معیار اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ کھانسی سیرپ میں استعمال ہونے والے خام اجزاء پروپیلین گلائکول آئی پی، گلیسرین آئی پی، اور سوربیٹول آئی پی صرف حکومت سے منظور شدہ سپلائرز سے ہی خریدے جائیں۔ اس کے ساتھ ہی، ethylene glycol اور diethylene glycol جیسی مضر نجاست کے استعمال پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے۔ریاستی حکومت نے تمام میڈیکل کالجوں، سرکاری اسپتالوں، پرائیویٹ میڈیکل اسٹورز، اور فیلڈ اسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ریزرو اسٹاک میں رکھی ہوئی ادویات کی فوری جانچ کریں اور رپورٹ محکمۂ صحت کو پیش کریں۔محکمہ کے مطابق، یہ قدم بچوں کی صحت کے تحفظ اور دواؤں کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر معیاری دوا سے قیمتی جانوں کو نقصان نہ پہنچے۔
