ہومWest Bengalابھیشیک نے جے پور میں آزاد امیدوار کو آڑے ہاتھوں لیا

ابھیشیک نے جے پور میں آزاد امیدوار کو آڑے ہاتھوں لیا

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

امیت شاہ سے ڈیل کر کے بیٹے کو امیدوار بنایا

پورولیا/جے پور: بنگال اسمبلی انتخابات 2026 کے دوران پورولیا کے جے پور اسمبلی حلقہ میں سیاسی درجہ حرارت اس وقت اور بڑھ گیا جب ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے انتخابی مہم کے دوران آزاد امیدوار اور کرمی قیادت پر براہِ راست حملہ کیا۔ جے پور کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ابھیشیک نے بغیر نام لیے کرمی برادری کے سرپرست اجیت مہتو کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امیت شاہ کے ساتھ معاہدہ کیا اور اپنے ہی بیٹے کو امیدوار بنایا، ابھیشیک کے اس بیان نے جے پور کے سیاسی ماحول میں زبردست ہلچل پیدا کر دی ہے، کیونکہ اس حلقے میں اس بار ترنمول اور آزاد امیدوار کے درمیان سیدھی اور دلچسپ لڑائی مانی جا رہی ہے۔ جے پور میں کرمی برادری ایک بڑا انتخابی عنصر ہے اور اسی وجہ سے یہ نشست اس بار سیاسی طور پر انتہائی حساس بن گئی ہے۔ معلوم ہو کہ بسواجیت مہتو اس حلقے سے آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں اور وہ کرمی برادری کے مرکزی سرپرست اجیت مہتو کے بیٹے ہیں۔
اسی نکتے کو بنیاد بناتے ہوئے ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ ریاستی حکومت نے کرمی زبان کو سرکاری درجہ دلانے کے لیے مرکز کو خط بھیجا تھا، لیکن اجیت مہتو نے جب مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی تو انہوں نے کرمی زبان کو تسلیم نہ کیے جانے کا سوال نہیں اٹھایا۔انہوں نے زبان کے حق کے لیے لڑائی نہیں لڑی، بلکہ ایک معاہدہ کیا اور اپنے بیٹے کو امیدوار بنا دیا۔ ابھیشیک بنرجی نے اپنی تقریر میں صرف سیاسی حملہ ہی نہیں کیا بلکہ جے پور میں ترنمول حکومت کی ترقیاتی رپورٹ بھی عوام کے سامنے رکھی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پورولیا کا جے پور کبھی ماؤنوازوں کے اثر و رسوخ والا علاقہ مانا جاتا تھا، لیکن اب وہاں ترقی کی لہر چل رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ترنمول حکومت کے دور میں رام کرشنا مہتو گورنمنٹ انجینئرنگ کالج، جھالاڈا ماڈل اسکول، 7 اپر پرائمری اسکول، 2 پرائمری اسکول، 4 سنتھالی اسکول اور 55 صحت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ابھیشیک نے یہ بھی کہا کہ بیڑی مزدوروں کے لیے ایک اسپتال بنانے کی منصوبہ بندی موجود ہے، لیکن مرکزی حکومت کی بے حسی اور عدم تعاون کی وجہ سے اس کام میں رکاوٹ آئی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ زمین مہیا ہونے کے باوجود مرکز نے آگے بڑھنے میں دلچسپی نہیں دکھائی، تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ انتخابات کے بعد ریاستی حکومت اپنی پہل پر اس اسپتال کے منصوبے کو مکمل کرے گی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ابھیشیک کا یہ حملہ جے پور کے ووٹروں پر کتنا اثر ڈالتا ہے اور کیا کرمی برادری اس بار شناخت کی سیاست کو ترجیح دیتی ہے یا ترقی کے دعووں کو۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.