کولکاتہ:25نومبر:ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے دہلی میں ایس آئی آر مخالف تحریک کو لے کر الیکشن کمیشن کے سامنے بڑا چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کہا کہ اگر کمیشن واقعی شفاف ہے تو ترنمول کے ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کا لائیو ٹیلی کاسٹ ہونا چاہیے اور چیف الیکشن کمشنر کو کیمرے کے سامنے کھڑے ہو کر پارٹی کے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔
حالانکہ ابھیشیک نے دہلی جانے کے لیے 10 ممبران پارلیمنٹ کی ٹیم تشکیل دی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے صرف پانچ ایم پیز سے ملاقات کی اجازت دی ہے، جس کے بعد ٹکراؤ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ترنمول کی ٹیم میں سدیپ بنرجی، سوگت رائے، کلیان بنرجی، ڈیرک اوبرائن، شتابدی رائے، ڈولا سین، مہوا میترا، پرکاش چک برائیک، ساجدہ احمد، ممتا بالا ٹھاکر اور ساکیت گوکھلے جیسے نام شامل تھے، لیکن کمیشن نے 28 نومبر کو صبح 11 بجے صرف پانچ ارکان کو ملاقات کی اجازت دے کر پارٹی میں ناراضی بڑھا دی ہے۔
ابھیشیک بنرجی نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ ہمارے ایم پیز عوام کے منتخب نمائندے ہیں جب کہ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کمشنر حکومت کے دباؤ میں جکڑے ہوئے ہیں، ایسے میں میٹنگ کے منتخب حصے لیک کر کے شفافیت کا تاثر نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر کمیشن واقعی شفاف ہے تو پانچ سادہ سوالات کے جواب قوم کے سامنے لائیو براڈکاسٹ میں دے، ورنہ یہ مانا جائے گا کہ کمیشن صرف بند دروازوں کے پیچھے کام کرتا ہے۔ ترنمول کی دیگر لیڈرز، خصوصاً ساگاریکا گھوش نے بھی اسی سوال کو اٹھاتے ہوئے کمیشن کی شفافیت پر انگلی اٹھائی ہے۔
ابھیشیک بنرجی کا الیکشن کمیشن کو کھلا چیلنج میٹنگ لائیو کرو، پانچ سوالوں کے جواب دو!
مقالات ذات صلة
