پورا ملک دیکھ رہا ہے، ڈرامہ کون کر رہا ہے
جدید بھارت نیوز سروس
ڈائمنڈ ہاربر:ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی نے جنوبی 24 پرگنہ کے ڈائمنڈ ہاربر میں سیواشرے-2 پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل اپوزیشن کے احتجاج کو “ڈرامہ” کہا تھا، جس پر ابھیشیک نے اسٹیج سے ہی بغیر نام لیے سیدھا جوابی حملہ کیا۔ابھیشیک نے کہا کہ “پورا ملک دیکھ سکتا ہے ڈرامہ کون کر رہا ہے۔ جیسے ہی ہم SIR پر سوال اٹھاتے ہیں، اسے ڈرامہ کہہ دیا جاتا ہے۔” ان کے مطابق مرکز SIR کے اصل سوالات سے راہِ فرار اختیار کر رہا ہے کیونکہ اس کے پاس کوئی ٹھوس جواب ہی موجود نہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ عدالت کی ہدایت کے باوجود 100 دن کے کام کے پیسے مرکز نے مسلسل روکے رکھے ہیں، جس کی سزا بنگال کے غریب عوام بھگت رہے ہیں۔ ابھیشیک نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ اگر SIR واقعی اتنا ضروری ہے تو پھر تریپورہ اور میگھالیہ جیسے بی جے پی حکومت والے علاقوں میں اسے نافذ کیوں نہیں کیا گیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بنگال میں SIR کے دباؤ کی وجہ سے 40 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور ان کے اہل خانہ الیکشن کمیشن سے جواب چاہتے ہیں۔ ابھیشیک نے یہ بھی بتایا کہ ترنمول کے نمائندے دہلی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے مل کر کمیشن کے سامنے پانچ اہم سوالات رکھ چکے ہیں، مگر اب تک ایک بھی سوال کا جواب نہیں ملا۔بی جے پی کے اس بیان پر کہ کروڑوں نام ووٹر لسٹ سے ہٹائے جا سکتے ہیں، ابھیشیک نے سخت تنقید کی۔ ان کے مطابق بی جے پی کی بوتھ سطح پر تنظیم نہیں ہے، اسی لیے وہ SIR کے ذریعے بنگال پر قبضہ کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے چیلنج دیتے ہوئے کہا، ایس ائی ار کے بعد بھی ترنمول اگلے اسمبلی انتخابات میں اپنی سیٹیں بڑھائے گی۔ بی جے پی اپنے کارکن تک نہیں سنبھال پا رہی، بنگال کیا سنبھالے گی؟”
