ممبئی کرائم برانچ کی کارروائی، مغربی بنگال کے ضلع شمالی 24 پرگنہ سے گرفتاری
کولکاتا:مشہور بالی ووڈ اداکار اور کامیڈین کپل شرما کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز فون کالز اور ای میلز کے معاملے میں ممبئی کرائم برانچ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کی شناخت دلیپ چودھری کے نام سے ہوئی ہے، جسے مغربی بنگال کے ضلع نارتھ 24 پرگنہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔تحقیقات کے مطابق، دلیپ چودھری نے مشہور گینگسٹرز روہت گودارا اور گولڈی برار کے نام پر کپل شرما اور ان کے پرسنل اسسٹنٹ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور ایک کروڑ روپے کا تاوان طلب کیا۔کپل شرما کو 22 اور 23 ستمبر کو کئی دھمکی آمیز فون کالز موصول ہوئیں، جب کہ ایک ای میل میں بھی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں قتل کی دھمکی دی گئی۔ملزم کو ممبئی لایا گیا جہاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے 30 ستمبر تک عدالتی تحویل میں دے دیا ہے۔ پولیس اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ آیا ملزم کا کسی منظم مجرمانہ گروہ سے تعلق ہے یا نہیں۔ابھی تک دلیپ چودھری اور بشنوئی گینگ کے درمیان کوئی واضح تعلق سامنے نہیں آیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے 11 جولائی کو کینیڈا کے شہر سرے میں کپل شرما کے نئے ریسٹورنٹ پر فائرنگ ہوئی تھی، جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس کے علاوہ، مہاراشٹرا نونرمان سینا (ایم این ایس) نے بھی کپل شرما کو اپنے شو میں "ممبئی" کو "بمبئی" کہنے پر خبردار کیا تھا۔
متعدد دھمکیوں اور خطرات کے باوجود، کپل شرما اپنی فنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ان کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
