National

’آپ کے غنڈوں اور حملوں سے ہم نہیں ڈرنے والے‘، کنہیا کمار نے پریس کانفرنس کر اپنے اوپر حملہ کی بتائی وجہ

104views

نئی دہلی: مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امیدوار کنہیا کمار پر گزشتہ روز ہوئے شرمناک حملہ کی تمام وجوہات پر روشنی ڈالنے اور حقیقت کو عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے آج خود کنہیا کمار نے اپنے دفتر بابر پور میں پریس کانفرنس کے ذریعہ میڈیا سے بات چیت کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنہیا کمار نے کہا کہ ہم مسلسل اپنی انتخابی مہم میں ایک ہی بات بول رہے ہیں، وہ یہ کہ موجودہ سرکار اپنی تاناشاہی ملک کے عوام پر تھوپنا چاہتی ہے اور جو بی جے پی کے لوگ ہیں ان کو ملک کے آئین پر کوئی بھروسہ نہیں ہے۔ اسی لیے وہ اس ملک کی اپوزیشن کو ختم کرنے کے لیے طرح طرح کے ہتھکنڈے اپناتے ہیں۔ پہلے بدنام کرتے ہیں، پھر ڈراتے ہیں، اور پھر خریدنے کی کوشش کرتے ہیں۔

کنہیا کمار نے کہا کہ آپ سب نے دیکھا کہ مختلف ریاستوں میں خرید و فروخت اسی طرح کی گئی۔ تاہم یہ لوگ شمال مشرقی دہلی میں بھی یہی کرنا چاہتے ہیں، لیکن یہاں کی عوام جس طرح سے انڈیا اتحاد، کانگریس پارٹی، عام آدمی پارٹی کی حمایت کر رہی ہے، اس سے بی جے پی کے لوگ پوری طرح سے گھبرائے ہوئے ہیں۔ صاف صاف دکھائی دے رہا ہے کہ ہوا کس طرف جا رہی ہے۔

منوج تیواری کے تعلق سے کنہیا کمار نے کہا کہ وہ اس سیٹ پر دو مرتبہ جیت کر آئے ہیں، انہیں اس ملک کے آئین و جمہوری نظام پر اگر بھروسہ ہے تو وہ بتائیں کہ انہوں نے پچھلے 10 سالوں میں کیا کام کیا ہے۔ اپنا کام بتانے کی جگہ منوج تیواری مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اور جھوٹی ویڈیو پھیلا کر عام لوگوں کو بہکانے کا کام کر رہے ہیں۔ جب عام لوگ ان کی باتوں میں نہیں آئے تو انہوں نے بدنام کرنے کے بعد ڈرانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

کنہیا کمار نے پُر امید ہو کر کہا کہ ہم گاندھی جی کے سپاہی اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو ماننے والے لوگ ہیں۔ ہمارے اندر شہید اعظم بھگت سنگھ کی بہادری ہے، یہ (بی جے پی والے) کتنی بھی کوشش کر لیں ہم رکیں گے نہیں۔ ہم شمال مشرقی دہلی کی عوام کے مسائل اٹھاتے رہیں گے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کنہیا کمار نے کہا کہ ہمارے سوال اٹھانے سے اثر یہ ہوا کہ منوج تیواری 10 سال سے رکن پارلیمنٹ ہیں لیکن ایک مرتبہ بھی وزیر اعظم نریندر مودی شمال مشرقی دہلی نہیں آئے، پھر ایسا کیا ہوا کہ آج وزیر اعظم بھی جلسہ کرنے آ رہے ہیں۔ وزیر اعظم کہتے ہیں ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘، لیکن کل ہمارے اوپر حملہ کرنے کی کوشش میں ایک خاتون کونسلر چھایا شرما پر بھی حملہ کیا گیا، سیاہی پھینکی گئی۔ انہوں نے پولیس میں اپنی شکایت دے دی ہے۔

کنہیا کمار کا کہنا ہے کہ ملک کی عوام نے نریندر مودی کو دو مرتبہ وزیر اعظم بنایا ہے، جمہوریۂ ہند کے 140 کروڑ لوگوں میں اس خاتوں کونسلر کے بھی وہ وزیر اعظم ہیں جن پر کل شرمناک حملہ ہوا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ وزیر اعظم اسٹیج سے اس معاملے کی مخالفت کریں گے۔ تاہم اپنے دوست امت شاہ جی کو کہیں گے کہ پولیس اس پر کارروائی کرے اور اس علاقے میں جو غنڈہ گردی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ڈارانے کا جو ماحول تیار کیا جا رہا ہے، اس پر کارروائی کی جائے گی۔

اخیر میں کنہیا کمار نے منوج تیواری پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ 10 سال سے رکن پارلیمنٹ رہے، لیکن ان کے پاس بتانے کو 10 کام بھی نہیں ہیں۔ وہ کہتے ہیں 14 ہزار کروڑ خرچ کیے، لیکن 14 پتھر نہیں ہیں دکھانے کے لیے۔ اسی لیے جو سوال ہم شمال مشرقی دہلی کی عوام کے لیے بار بار پوچھ رہے ہیں، اس کا جواب دینے کی بجائے وہ شرمناک کام کروا رہے ہیں۔ کنہیا کمار کا کہنا ہے کہ ہمارے اسلاف نے بہادری سے آزادی دلائی اور ہم پوری مضبوطی کے ساتھ اپنے آئین کی حفاظت کریں گے۔ آپ کے غنڈوں اور حملے سے ہم نہیں ڈرنے والے نہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.