National

مہاراشٹر کی 288 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ آج

31views

ناندیڑ لوک سبھا ضمنی انتخاب کی تیاریاں بھی مکمل

ممبئی 19 نومبر (یو این آئی) مہاراشٹر کی 288 اسمبلی سیٹوں کے ساتھ ساتھ ناندیڑ لوک سبھا ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق ریاست میں 9.7 کروڑ سے زیادہ اہل رجسٹرڈ ووٹر ہیں۔ ان میں 05 کروڑ سے زیادہ مرد، 4.68 کروڑ خواتین اور 6101 ٹرانس جینڈر ووٹر شامل ہیں، جو ان انتخابات میں 4136 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ووٹنگ کے ہموار انعقاد کے لیے کمیشن نے 1,64,996 بیلٹ یونٹس، 1,19,439 کنٹرول یونٹس اور 128531 وی وی پی اے ٹی مشینوں سے لیس 1,00427 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں۔تمام اسمبلی سیٹوں پر مہایوتی اور مہاوکاس اگھاڑی کے درمیان سیدھا مقابلہ ہوگا۔ ساتھ ہی ونچیت بہوجن اگھادھی (وی بی اے)، بی ایس پی، اے آئی ایم آئی ایم اور کچھ چھوٹی پارٹیوں نے بھی دونوں محاذوں کو چیلنج کیا ہے۔ انتخابات میں جن اہم امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا ان میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے (شیو سینا)، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس (بی جے پی)، اجیت پوار (این سی پی-اے پی)، آدتیہ ٹھاکرے (شیو سینا-یو بی ٹی)، امیت ٹھاکرے (ایم این ایس)، روہت پوار (این سی پی-ایس پی)، یوگیندر پوار (این سی پی-ایس پی)، وجے وڈیٹیوار (کانگریس)، بالا نندگاؤںکر (ایم این ایس)، بچو کڈو (مہا پریورتن۔ اگادھی)، پرتھوی راج چوان (کانگریس)، دلیپ والسے پاٹل (این سی پی-اے پی)، جتیندر اودھ (این سی پی-ایس پی) اور رادھا کرشن وی کے پاٹل (بی جے پی) شامل ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر نتن گڈکری، این سی پی-ایس پی سربراہ شرد پوار، کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھڑگے، جینت پاٹل، اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی موہن یادو، مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شنڈے، مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر نانا پٹولے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، این سی پی (اے پی) کے صدر اجیت پوار، شیو سینا-یو بی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، آدتیہ ٹھاکرے، مہانگر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے، وی بی اے کے سربراہ پرکاش امبیڈکر اور تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کئی سرکردہ قائدین نے انتخابی ریلیوں میں شرکت کی۔انہوں نے بتایا کہ انتخابی مواد ضلع اور تعلقہ ہیڈ کوارٹرز سے ان حلقوں کے متعلقہ انتخابی عملے کو پہنچایا جا رہا ہے اور بعد میں وہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہو جائیں گے۔اس دوران پوری ریاست میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی آر پی ایف کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک علاقوں میں حالات پرامن ہیں اور انتخابی مہم کے دوران ان حلقوں سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.